روزانہ ورزش کرنا، سگریٹ نوشی سے پرہیز کرنا اور اچھی خوراک کھانا دل کو صحت مند رکھنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ ناقص یا غیر صحت مند غذا کا انتخاب بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور دل کی بیماری کو جنم دے سکتا ہے۔ غیر نقصان دہ یا صحت مند چکنائی، فائبر اور اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور غذا آپ کے دل کی طاقت کو بڑھانے میں مدد کرتی ہے، جبکہ پروسسڈ فوڈ اور شوگر (میٹھے) کا استعمال دل کی بیماریوں کے خطرات کو بڑھاتا ہے۔
بہت سی غذائیں دل کی صحت کیلئے فائدہ مند سمجھی جاتی ہیں لیکن آپ ایسی غذاء کا انتخاب کریں جو میڈیکلی اور سائنسی تحقیق سے ثابت شدہ ہو کہ یہ دل کی صحت کیلئے فائدہ مند ہے
یہاں آپ کے ساتھ چند ایسی غذاؤں سے متعلق معلومات شئیر کی جارہی ہے جو میڈیکلی اور سائنسی طور پر تحقیق شدہ ہیں، جن کے استعمال سے آپ اپنے دل کی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں
دل کی صحت کو بہتر کرنے کیلئے پانچ بہترین غذائی پلان
بحیرہ روم کی ڈائیٹ: بحیرہ روم کی غذا کے نام سے مشہور یہ غذائیں تازہ پھلوں،سبزیوں، اناج، گری دار میوے، بیج، مچھلی، زیتون کےتیل پر مشتمل ہیں، اس کے علاوہ اس ڈائیٹ میں مرغی کا گوشت، انڈے، کم چکنائی والے دودھ کا استعمال کیا جاتا، جبکہ میٹھے اور پروسیسڈ فوڈ سے مکمل اجتناب کیا جاتا، یہ غذائیں یونان اور جنوبی اٹلی کے لوگ 1960 کی دہائی میں استعمال کرتے تھے، یہی وجہ تھی کہ ان لوگوں میں دل کی بیماریوں کی شرح دوسرے افراد سے کم تھی۔
ڈیش ڈائیٹ: ڈیش ڈائیت سے مراد ہائی بلڈ پریشر کو روکنے والے غذائی طریقے، یہ ڈائیٹ بلڈ پریشر کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ دل کی بیماریوں کے خطرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوا ہے، اس ڈائیٹ پلان میں اناج کے ساتھ ساتھ پھل،سبزیاں،کم چکنائی والا دودھ، اور لین گوشت کا استعمال کیا جاتا ہے، یہ تمام غذائیں آپ کی کیلوریز کی ضرورت کے حساب سے استعمال کی جاتی ہیں
جبکہ ڈیش ڈائیٹ میں سرخ گوشت، پروسس شدہ غذائیں اور (شوگر) میٹھے کو انتہائی کم مقدار میں استعمال کیاجاتا ہے
مزید یہ کہ اس ڈائیٹ پلان میں آپ کو سوڈیم کی مقدار فی دن 2300ملی گرام جبکہ نمک کی مقدار 1500ملی گرام فی دن کے حساب سے تجویز کی جاتی ہے
جن لوگوں کو ہائی بلڈ پریشر کی بیماری ہے ان کیلئے ڈیش ڈائیٹ فائدہ مند ہوتی ہے، کیونکہ ڈیش ڈائیٹ میں سوڈیم اور نمک کی مقدار کم ہونے کی وجہ سے ہائی بلڈ پریشر پر قابو پایا جاسکتا ہے جو کہ آگے جاکر دل کی بیماریوں کی وجہ بنتا ہے، تاہم جن لوگوں کا بلڈ پریشر نارمل رہتا ہے ان کیلئے یہ ڈائیٹ اتنی زیادہ موثر نہیں ہے۔
اضافی فائبر والی غذا جو کہ اناج اور سبزیوں پر مشتمل ہوتی ہے کا استعمال اور نقصان دہ چکنائی اور شوگر (میٹھے) سے پرہیز آپ کو دل کی بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔
ویگن ویجیٹیرین ڈائیٹ: ویگن اور ویجیٹیرین ڈائیٹ میں گوشت کی تمام اقسام، مچھلی، مرغی، سرخ گوشت سے مکمل پرہیز کی جاتی ہے، جبکہ کچھ لوگ اس ڈائیٹ میں انڈے اور دودھ کا استعمال کرتے ہیں لیکن ویگن ڈائیٹ میں جانوروں سے حاصل ہونے والی ہر چیز جیسے کہ ڈیری پروڈکٹس، انڈے، شہد اور جیلیٹں سے مکمل پرہیز کروائی جاتی ہے۔
ویگن ویجیٹیرین ڈائیٹ میں پھل، سبزیاں، پھلیاں، دالیں، گری دار میوے، بیج، اور پودوں کے تیل کے استعمال پر زور دیا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ پودوں سے حاصل ہونے والی غذا ویگن اور ویجیٹیرین ڈائیٹ کو کافی فائدہ مند بناتی ہے۔ چونکہ پودوں سے حاصل شدہ غذاؤں میں فائبر، اینٹی آکسیڈینٹ اور اینٹی انفلامیٹری (سوزش کے خلاف مزاحمت) مرکبات وافر مقدار میں ہوتے ہیں جوکہ دل کی صحت بہتر کرنے کیلئے مددگار ہوتے ہیں۔
فلیکسٹیرین ڈائیٹ (لچکدار ڈائیٹ): مشہور ماہر غذائیت ڈان جیکسن نے دل کے مریضوں کیلئے فلیکسٹیرین نامی یہ ڈائیٹ پلان بنایا جو کافی مشہور بھی ہوا،
فلیکسٹیرین ڈائیٹ یا لچکدار ڈائیٹ پلان ایک ایسا ڈائیٹ پلان ہے جس میں آپ زیادہ تر پودوں سے حاصل شدہ غذا کو کھاتے ہیں، لیکن ساتھ ہی آپ احتدال کے ساتھ گوشت، مچھلی، جانوروں سے حاصل شدہ دوسری غذائی اشیاء کھاسکتے ہیں، لیکن یہ ڈائیٹ پلان آپ کو سبزی اور پھلوں سے حاصل شدہ پروٹین کیلئے ترغیب دیتا ہے۔ کیونکہ سبزیوں اور پھلوں میں ائنٹی آکسیڈینٹس، فائبر اور اینٹی انفلامیٹری وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے جو کہ دل کی صحت کیلئے ضروری اجزاء سمجھے جاتے ہیں۔
ویگن اور ویجیٹیرین ڈائیت کی نسبت فلیکسٹیرین ڈائیٹ ایک بہترین غذائی پلان ہے، یہ ان لوگوں کیلئے بھی بہتر ہےدل کی صحت کو بھی برقرار رکھتے ہوئے گوشت اور جانوروں س حاصل ہونے والی دوسری غذاؤں کا استعمال ترک نہیں کرنا چاہتے۔
ٹی ایل سی ڈائیٹ: تھیرا پیوٹیک لائف سٹائل چینج کے نام یہ مشہور یہ ڈائیٹ پلان نیشنل انسیٹیوٹ آف ہیلتھ کا بنایا ہوا پلان ہے۔ اس ڈائیٹ پلان کو دل کی صحت کو بہتر بنانے کیلئے اور کولیسٹرول کی سطح کو کنٹرول کرنے کیلئے تجویز کیا جاتا ہے۔ اس ڈائیٹ میں غیر صحت مند چکنائی کی مقدار کو کم کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے، جبکہ صحت مند چکنائی جیسے کہ زیتون کے تیل اور خشک میوہ جات کے استعمال پر زور دیا جاتا ہے۔
ٹی ایل سی ڈائیٹ میں دالوں، سبزیوں، پھلوں کے زیادہ استعمال پر زور دیا جاتا ہے کیونکہ ان غذاؤں میں فائبر کی مقدار پائی جاتی ہے۔ جبکہ ایسی غذاؤں کے استعمال سے روکا جاتا ہے جس سے کولیسٹرول بڑھتا ہے، ان غذاؤں میں دودھ، انڈے کی زردی، اور سرخ گوشت کے استعمال سے منع کیا جاتا ہے۔
یہ پانچ ڈائیٹ پلان دل کی بیماریوں کے خطرات کو کم کرنے کیلئے کافی فائدہ مند ثابت ہوئے ہیں، ان ڈائیٹ پلان میں سے کسی ایک ڈائیٹ پلان کو اپنانا آپ کے دل کی صحت کیلئے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے بشرطیکہ غذائی توازن کا خیال رکھا جائے اور غذائی اجزاء کی کمی نہ ہونے دی جائے۔ دل کی صحت سب سے اہم تصور کی جاتی ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے پورے جسم کا دارومدار دل پر ہوتا ہے، اگر دل صحت مند ہوگا تو پورا جسم صحت مند ہو، اگر دل بیمار ہوگا تو پورا جسم بیمار ہوگا، اسی لیے اپنے دل کی صحت کو بہتر بنانے کیلئے بہترین غذاؤں کا انتخاب کریں اور ایک صحت مند زندگی گزاریں
کسی بھی بیماری کی صورت اپنے قریبی ڈاکٹر سے رجوع کریں