رمضان المبارک روحانی پاکیزگی کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت کی بحالی کا موقع بھی فراہم کرتا ہے، افطاری پورے دن کی بھوک پیاس کو مٹانے کے ساتھ ساتھ جسم کو توانائی مہیا کرنے کا موقع ہوتا ہے۔ افطاری کے وقت پورے دن کے روزے کے بعد نہ صرف جسم کو توانائی کی ضرورت ہوتی ہے ، بلکہ پانی کی کمی کو پورا کرنا، معدے کو سکون دینا اور غذائیت سے بھر پور خوراک کا انتخاب بھی ضروری ہوتا ہے
رمضان میں صحت مند افطاری کے لیے 10 بہترین غذائیں
رمضان میں افطاری کے وقت صحت مند غذا کھانا نہایت ہی ضروری ہوتا ہے تاکہ جسم کو توانائی ملے اور جسم پر منفی اثرات نہ پڑیں۔ یہاں آپ جانیں گے رمضان میں صحت مند افطاری کے لیے 10 بہترین غذائیں کون سی ہیں
کھجور
افطاری کے وقت کھجور کھانا سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ کھجور میں فائبر، میگنشیم،پوٹاشیم،آئرن اور بے شمار دیگر معدنیات موجود ہوتےہیں، کھجور بے شمار فوائد کا مرکب ہے۔ کھجور میں موجود شوگر اور فائبر جسم کو فوری توانائی پہنچاتے ہیں اور ہاضمہ کو بھی بہتر کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ ایک صحت مند افطاری کے لیے کھجور بہترین غذا ہے۔
پانی
ایک صحت مند افطاری میں پانی نہایت ہی ضروری ہوتا ہے۔ افطاری میں پانی پینے سے جسم ہائیڈریٹ ہوتا ہے، اور جسم میں موجود زہریلے مادے خارج ہوتے ہیں۔ پانی میں ایک چٹکی نمک کی بھی ملائی جاسکتی ہے، لیکن بلڈپریشر کے مریضوں کو نمک کا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ افطاری میں کولڈ ڈرنکس اور زیادہ شوگر والے مشروبات سے پرہیز کرنی چاہیے۔
دہی یا لسی کا استعمال
صحت مند افطاری میں دہی یا لسی کو بھی استعمال کرنا چاہیے، دہی میں پروبائیوٹکس موجود ہوتے ہیں جو ہاضمے کے نظام کو بہتر بناتے ہیں۔ افطاری کے وقت دہی کھانے سے معدے کو سکون ملتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دہی کی لسی پینا بھی نہایت ہی فائدہ مند ہوتا ہے۔ لسی پینے سے جسم میں پانی کی کمی پوری ہوتی ہے اور لسی میں موجود کیلشیم ہڈیوں کو مضبوط بناتی ہے۔ افطاری کے وقت لسی پینا دن بھر خرچ ہونے والی توانائی کو دوبارہ سے حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ اس لیے ایک صحت مند افطاری میں دہی یا لسی کا استعمال بے شمار فوائد کا حامل ہوتا ہے۔
پھلوں کا استعمال
افطار کے وقت پھلوں کا استعمال نہایت ہی ضروری ہوتا ہے، ایک صحت مند افطاری میں موسمی پھلوں کو ضرور شامل کرنا چاہیے۔ تربوز، سیب،سٹابیری،انار ،کینو، کیلا اور خربوزہ جیسے پھلوں کو اپنے افطار دسترخوان کا حصہ ضرور بنانا چاہیے، ان پھلوں میں اہم وٹامنز اور معدنیات ہوتے ہیں،جو جسم کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں، اس کے علاوہ ان پھلوں میں پانی وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے جو جسم کوہائیڈریٹ رکھتا ہے۔ اس لیے ایک صحت مند افطاری کے لیےاپنے دسترخوان پر پھلوں کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔ان پھلوں کو کاٹ کر ایسے ہی کھایا جاسکتا ہے اور ان پھلوں کو فروٹ چاٹ بنا کر بھی کھایا جاسکتا ہے۔ (ایک صحت مند فروٹ چاٹ بنانے کے طریقے جانیں یہاں کلک کرکے)
سبزیاں
افطاری اور نماز کے بعد کھانے کے دسترخوان پر سبزیوں کا استعمال ضرور کرنا چاہیے، سبزیوں میں فائبر وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے،جو معدے اور آنتوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔ اس کے علاوہ سبزیاں جسم میں وٹامنز اور معدنیات کی کمی کو پورا کرتی ہیں۔ پالک، گوبھی اور شملہ مرچ جیسی سبزیاں آئرن،میگنیشیم اور فولیٹ سے بھرپور ہوتی ہیں جو خون کی کمی کو پورا کرتی ہیں، اس لیے ایک صحت مند افطاری میں سبزیوں کو بھی خوراک کا حصہ بنانا چاہیے۔
جو کا دلیہ
افطاری کے وقت جو کا دلیہ کھانا بھی ایک صحت مند غذا ہوتی ہے، جوکادلیہ فائبر کا بہت بڑا ذریعہ ہوتا ہے جو معدے اور آنتوں کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔ اس کے علاوہ جو کے دلیہ میں کمپلیکس کاربوہائیڈریٹ موجود ہوتا ہے جو خون میں شوگر کی سطح کو متوازن کرنے میں مدد کرتا ہے جو تھکاوٹ اور سستی نہیں ہونے دیتا ۔ اس کے علاوہ جو کا دلیہ معدہ میں جا کر اسے سکون پہنچاتا ہے۔ ایک صحت مند افطاری کے لیے جو کے دلیہ کا انتخاب بہترین چوائس ہوسکتی ہے۔
چکن یا مچھلی
روزے کے دوران بہت زیادہ انرجی خرچ ہوتی ہے تو افطار کے وقت اسے بحال کرنے کیلئے صحت مند غذا کا انتخاب بھی ضروری ہوتا ہے۔ ایک صحت مند افطاری میں پروٹین کے حصول کیلئے چکن یا مچھلی کا استعمال کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ پروٹین توانائی کا بحال کرنے اور پٹھوں کو طاقت مہیا کرنے کا ذریعہ ہوتی ہے۔ اس لیے ایک صحت مند افطاری میں پروٹین کے حصول کیلئے چکن یا مچھلی کا استعمال ضرور کرنا چاہیے
سلاد
سبزیوں کا سلاد وٹامنز اور معدنیات سےبھر پورہوتا ہے۔یہ روزے کی شدت کو کم کرنے اور جسم کو توانائی فراہم کرنے کا ذریعہ ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ سبزیوں میں پانی بھی موجود ہوتا ہے جو جسم کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے اور پانی کی کمی کو پورا کرنے میں مدد کرتا ہے۔
میوہ جات کا استعمال
ایک صحت مند افطاری میں میوہ جات کا استعمال بھی ضرور کرنا چاہیے، بادام اوراخروٹ وٹامن ای اور اومیگا 3 سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات بھی رکھتے ہیں، جو روزے میں ضائع ہوئی انرجی لیول کو پورا کرنے میں مدد کرتے ہیں، اور جسم کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اہم غذا ہوتی ہیں۔ ان کے علاوہ خوبانی کو بھی اپنی صحت مند افطاری کا حصہ بنانا چاہیے، کیونکہ خوبانی میں فائبر اور وٹامن اے موجود ہوتا ہے جو جسم کی توانائی کو بڑھاتے ہیں۔
میوہ جات کو کم مقدار میں کھانا چاہیے، زیادہ مقدار میں کھانا فائدے کی بجائے الٹا نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
سوپ
ایک صحت مند افطاری کے دسترخوان پر اگر سوپ کو استعمال کیا جائے تو ا س کے بے شمار فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ گرما گرم سوپ جسم کو نہ صرف پانی پہنچاتا ہے بلکہ نمکیات کی کمی کو بھی پورا کرتا ہے۔ دال کا سوپ آپ کو پروٹین مہیا کرتا ہے ، جبکہ سبزی کا سوپ وٹامنز کے حصول کا ذریعہ ہوتا ہے۔
رمضان میں افطاری کا مقصد صرف پیٹ بھرنا نہیں ہوتا بلکہ جسم کو مناسب غذائیت اور توانائی فراہم کرنا ہوتا ہے تاکہ روزے کے وقت ضائع ہونے والی انرجی بحال ہوسکے۔افطاری کے وقت اچھی غذا کا انتخاب آپ کی صحت کو بہتر بناسکتا ہے، جبکہ ناقص ،زیادہ چکنائی والا کھانا اور کاربوہائیڈریٹڈ مشروبات کااستعمال آپ کی صحت پر برے اثرات مرتب کرسکتا ہے۔