نیند ایک قدرتی عمل ہے جو جسم اور دماغ کی توانائی بحال کرنے کیلیئے نہایت ہی ضروری ہے، جب ایک انسان اچھی نیند لیتا ہے تو دن بھر میں ہونے والی جسمانی نقصان اور تھکاوٹ سے آرام ملنے کے ساتھ ساتھ اس نقصان کی بھرپائی بھی ہوتی ہے۔ نیند کی کمی جسم میں تھکاوٹ، ذہنی اور جذباتی مسائل پیدا کرتی ہے۔
انسان کھانا کھائے بغیر زیادہ دن زندہ رہ سکتا ہے لیکن سوئے بغیر زیادہ دن زندہ نہیں رہ سکتا۔ نیند انسانی زندگی کا بہت اہم حصہ ہے لیکن آج کل ہوتا یہ ہے کہ آدمی گھنٹوں بستر پر کروٹیں بدلتا رہتا ہے، لیکن نیند نہیں آتی
نیند نہ آنے کی وجوہات
نیند نہ آنے کی بے شمار وجوہات ہو سکتی ہیں، جس میں جسمانی، ذہنی اور ماحولیاتی عوامل شامل ہوسکتے ہیں۔ یہاں چند نیند نہ آنے کی چند وجوہات بیان کی جائیں گی
ڈپریشن یا سٹریس
ڈپریشن کا شکار 75 فیصد لوگ نیند کی کمی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ بے چینی، افسردگی یا کام کا دباؤ دماغ کی کیمسٹری کو متاثر کرتے ہیں۔ افسردہ ذہن نیند کے مسائل پیدا کرسکتا ہے کیونکہ ایسی صورت میں دماغ مسلسل منفی خیالات میں الجھا رہتا ہے۔ اس کے علاوہ جذباتی مسائل بھی انسان میں نیند کی کمی کا سبب بن سکتے ہیں، غصہ اور مسلسل پریشانی میں انسانی ذہنی سکون سے محروم ہوسکتا ہے۔
جسمانی بیماری
بعض اوقات انسان دل کی بیماریوں، ذیابیطس اور چند دوسری بیماریوں کی وجہ سے بھی نیند کی کمی کا شکار ہوسکتا ہے۔ بیماریوں کی صورت میں انسان بلڈپریشر، درد کم کرنے والی ادویات کا استعمال کررہا ہوتا ہے تو نیند کا سائیکل متاثر ہوتا ہے، جس سے نیند کی کمی کے مسائل سامنے آنا شروع ہوجاتے ہیں، اس کے علاوہ تھائیرائیڈ کی خرابی، خون کی کمی، اور حاملہ خواتین میں بھی نیند کی کمی کے مسائل سامنے آتے ہیں۔
ماحولیاتی عوامل
کچھ لوگوں میں نیند نہ آنے کی وجہ شور یا روشنی بھی ہوتی ہے۔ جو لوگ حساس طبعیت کے مالک ہوتے ہیں انہیں نیند کے مسائل دوسرے لوگوں سے زیادہ ہوتے ہیں۔ کچھ کیسز میں یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ غیر آرام دہ کمرہ، غیر آرام دہ بستر اور کمرے کے درجہ حرارت کی وجہ سے بھی نیند کی کمی کے مسائل ہوتے ہیں
بستر پر موبائل کا استعمال
سونے سے پہلے سکرین کا استعمال نیند کے ہارمون میلاٹونن میں 50 فیصد کمی کا باعث بنتا ہے۔ اگر سونے سے ایک گھنٹہ پہلے تک موبائل یا دوسری سکرین کا استعمال کیا جائے تو نیند میں کمی کے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔ کیونکہ سکرین کی نیلی روشنی ہارمونز کو ڈسٹرب کرتی ہے۔ ہارمونل ڈسٹربنس نیند کی کمی کے مسائل پیدا کرتی ہے۔
جلدی سونے کے 5 آسان طریقے
جن لوگوں کو نیند کی کمی کے مسائل ہیں وہ ان آسان طریقوں کی مدد سے جلدی سونے اور نیند کی کمی کے مسائل کو حل کرسکتے ہیں۔
نیند کیلئے ایک وقت مقرر کریں
ہمارے جسم ایک پیچیدہ نظام کے تحت کام کرتا ہے۔ نیند کا بھی اپنا ایک الگ نظام ہے، جب ہم ہر روز ایک مقررہ وقت پر سوتے اور جاگتے ہیں تو ہماری نیند کا ایک سائیکل بن جاتا ہے۔ ہمارا جسم اسی وقت سونے کا عادی بن جاتا ہے۔ پھرچاہے آپ کو کا سونے کا دل نہیں بھی ہوگا لیکن آپ کا جسم آپ کو سونے کا اشارہ دے گا۔ یہی کچھ جاگنے کے حوالے سے بھی ہے، جب آپ جاگنے کا ایک مقررہ وقت بنا لیتے ہیں تو اسی وقت جاگ جاتے ہیں ۔
سونے سے ایک گھنٹہ پہلے سکرین کا استعمال بند کریں
سونے سے پہلے سکرین کا استعمال آپ کی نیند کو متاثر کرتا ہے، سکرین کی نیلی روشنی دماغ میں موجود نیند کے ہارمون میلاٹونن کو متاثر کرتی ہے۔ نیند کے ہارمون میں بےقاعدگی سونے کے اوقات میں تبدیلی اور نیند میں کمی کی وجہ بنتی ہے۔ ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ سونے سے پہلے کم از کم ایک گھنٹہ پہلے سکرین کا استعمال ترک کردینا چاہیے، اس کی بجائے دوستوں کے ساتھ گپ شب میں وقت گزارا جائے یا کتابیں پڑھی جائیں۔ تو ایسی صورت میں آپ رات کو بستر پر آرام دہ نیند کے مزے لے سکتے ہیں
ڈپریشن اور سٹریس سے بچیں
ڈپریشن، پریشانی، غیر ضروری سوچیں اور سٹریس نیند کو متاثر کرتی ہے۔ گہری نیند کیلئے سونے سے پہلے غیر ضروری سوچوں کو اپنے دماغ سے نکال دیں، گہری سانسیں لیں، یہ آپ کے دماغ کو سکون دے گی۔ مراقبہ کریں۔ ذہنی دباؤ سے بچنے کیلئے خود کو مختلف سرگرمیوں میں مصروف رکھیں۔ ڈپریشن کا شکار افراد نیند کی کمی سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ ایسے لوگوں کو کھیل کود کی سرگرمیوں کا حصہ بننا چاہیے تاکہ پہلے ڈپریشن کا علاج کیا جائے، ڈپریشن کے خاتمے کے ساتھ ہی پر سکون نیند آئے گی۔
کمرے کا ماحول آرام دہ بنائیں
کچھ لوگوں میں نیند کی کمی کی ایک وجہ کمرے کے خراب ماحول بھی ہوتا ہے، پر سکون نیند کیلئے کمرے میں دھیمی روشنی کا انتظام کریں، درجہ حرارت کا خاص خیال رکھا جائے، سردیوں میں کمرے کا درجہ حرارت باہر کی نسبت گرم ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ بستر آرام دہ ہو، نہ ہی زیادہ نرم ہو اور نہ ہی زیادہ سخت ہو، مناسب سائز کا تکیہ لیں جو آپ کی گردن اور کمر درد کی وجہ نہ بنے۔ ان ہدایات پر عمل کر کے آپ اچھی نیند سو سکتے ہیں۔
ورزش کو معمول بنائیں
ورزش ویسے بھی جسمانی اور ذہنی صحت کیلئے بہت زیادہ ضروری ہے، ورزش سے دماغ میں اینڈوفینز ہارمون کا اخراج ہوتا ہے، جو ذہنی سکون فراہم کرتا ہے، ذہنی سکون آپ کی پرسکون نیند کیئے بہت زیادہ ضروری ہوتا ہے۔ بےخوابی کیلئے ورزش کرنا فائدہ مند ہوسکتا ہے۔ ورزش کرنے کے اوقات مقرر کرلینے چاہیں، سونے سے پہلے ورزش کرنا نیند میں خلل ڈال سکتا ہے۔ بہتر یہی ہے کہ دن کے پہلے حصے میں ورزش کرلی جائے تو دماغ فریش ہوجاتا ہے، کیونکہ صبح کے وقت ورزش کرنا یا جم جانا آپ کی جسمانی اور دماغی صحت کیلئے زیادہ فائدہ مند ہوتی ہے۔
نیند کی کمی کے جسم پر اثرات
تھکاوٹ اور سستی
نیند کی کمی سے آپ سارا دن تھکا ہوا محسوس کرتے ہیں، کیونکہ نیند ایک ایسا عمل ہے جو آپ کے سارا دن کی تھکاوٹ اور جسمانی نقصان کو پورا کرتی ہے، اگر ٹھیک سے نیند نہیں کی ہوتی تو تھکاوٹ، سستی اور کاہلی پیدا ہوتی ہے۔
سوچنے کی صلاحیت متاثر ہوتی
نیند کی کمی سے دھیان اور توجہ میں کمی بھی دیکھنے میں آتی ہے، دماغ تھکا ہوا ہوگا تو درست طریقے سے کام نہیں کر پائے گا۔ اور کسی بھی کام میں توجہ اور دھیان سے دل نہیں لگے گا۔
یاداشت میں کمی ہوتی
نیند کی کمی یاداشت کی کمی کا باعث بھی بنتی ہے، کیونکہ نیند کے دوران دماغ ٹوٹ پھوٹ کا شکار خلیوں کو دوبارہ سے بناتا ہے۔ اس لیے نیند کی کمی یاداشت کی کمی کا باعث بھی بنتی ہے۔
مدافعتی نظام میں کمزوری
نیند کی می سے مدافعتی نظام بھی کمزور ہوجاتا ہے۔ جس سے بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ خصوصا دل کی بیماریاں، بلڈ پریشر، اور ہارمونل مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔
زیادہ مسئلے کی صورت میں اپنی قریبی ڈاکٹر سے رجوع کریں