ایڑیوں کو پھٹنے سے کیسے بچایا جائے
سردیوں میں پاؤں کی ایڑیوں کا پھٹنا بہت زیادہ دیکھنے میں آتا ہے تقریبا ہر کوئی ایڑیوں کے پھٹنے کی شکایات کرتا نظر آتا ہے ، پاؤں کی ایڑیوں کا پھٹنا کوئی بیماری نہیں ہے لیکن یہ تکلیف دہ ہونے کے ساتھ ساتھ پاؤں کی خوبصورتی کو بھی متاثر کرتا ہے۔اگر بر وقت ایڑیوں کو ٹھیک نہ کیا جائے تو اس میں سے خون بہنا شروع ہوجاتا ہے جو کہ بہت زیادہ تکلیف کا باعث بنتا ہے۔اسی لیے آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ سردیوں میں ایڑیوں کو پھٹنے سے کیسے بچایا جائے؟ تاکہ آپ اپنے پاؤں کی خوبصورتی کو دوبارہ سے واپس لاسکیں گے
ایڑیوں کے پھٹنے کی وجوہات
خشک سرد موسم
موسم سرما میں زیادہ تر ایڑیاں پھٹنے کی شکایات سامنے آتی ہیں،جلدمیں نمی کی کمی کی وجہ سے ایڑیاں پھٹ جاتی ہیں
گرم پانی سے نہانا
موسم سرما میں زیادہ تر لوگ گرم پانی سے نہاتے ہیں جس سے جسم میں خشکی پیدا ہوجاتی ہے جو کہ ایڑیوں کے پھٹنے کی وجہ بن سکتی ہے
پانی کی کمی
موسم سرما میں چونکہ کم پیاس کم لگتی ہے جس کی وجہ سے جلد خشک ہوجاتی ہے ، خشکی کی وجہ سے پاؤں کی ایڑیاں پھٹنے لگتی ہیں
موٹاپا
چونکہ ہمارے جسم کا سارا وزن ہمارے پاؤں اٹھاتے ہیں،زیادہ وزن اور جلد کی خشکی کی وجہ سے بھی ایڑیاں پھٹ جاتی ہیں
غیر معیاری جوتے
جوتے ہمیشہ ایسے پہننے چاہییں جن میں پاؤں زیادہ دباؤ میں نہ ہو، پاؤں کے زیادہ دباؤ میں رہنے کی وجہ سے بھی ایڑیاں پھٹ سکتی ہیں
شوگر یا جلدی بیماری
چند ایسے کیسز بھی دیکھنے میں آئے ہیں جہاں شوگر کے مریضوں اور جلدی امراض کا شکار افراد بھی پاؤں کی ایڑیوں کے پھٹنے کی شکایات کے ساتھ ڈاکٹر کے پاس آتے ہیں
ایڑیوں کے پھٹنے کا علاج
ایڑیوں کے پھٹنے کا علاج بہت ہی آسان ہے،سردیوں میں ایڑیوں کو پھٹنے سے کیسے بچایا جائے؟ اس متعلق آپ آسان علاج پڑھ سکیں گے
ایڑیوں کو موسچرائزرکھنا
مختلف وجوہات کی وجہ سے پاؤں کی ایڑیاں پھٹ جاتی ہیں ، جس کے نتیجے میں ایڑیوں کی جلد سخت ، کھردری اور خشک ہوجاتی ہے ایسی صورت میں ایڑیوں کی جلد پر تیل،ویسلین یا کوئی اچھی سی موسچرائزر کریم کا استعمال کرنا تاکہ ایڑیوں کی جلد میں نمی کو بڑھایا جاسکے پھٹی ایڑیوں میں فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اچھی ہیل کریم کے استعمال سے بھی ایڑیوں کی جلد کو نرم کیا جاسکتا ہے۔ جلد کو موسچرائز کرنے کا بہتر طریقہ یہ اختیار کیا جائے کہ رات کو سونے سے پہلے نیم گرم پانی کے ساتھ پاؤں کو اچھے صابن کے ساتھ دھویا جائے اور ان کو صاف کپڑے کے ساتھ خشک کرکے ویسلین، لوشن ،تیل یا ہیل کریم کے ساتھ موسچرائز کیا جائے ، ایسا کرنے سے چند ہی دنوں میں آپ کے پاؤں کی ایڑیاں نرم و ملائم اور خوبصورت ہوجائیں گی۔
مناسب مقدار میں پانی پینا
پانی کے کم استعمال سے جلد میں خشکی ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے ایڑیاں پھٹ سکتی ہیں، سردیوں میں چونکہ پسینہ کم آتا ہے یہی وجہ ہے کہ ہم پانی بھی کم پیتے ہیں، ایسی صورت کہ جس میں پاؤں کی ایڑیاں پھٹ جائیں تو پانی پینے کی مقدار زیادہ کردینی چائیے تاکہ جلد میں خشکی کو ختم یا کم کیا جاسکے، جلد کی خشکی کونمی میں تبدیل کردیا جائے تو پاؤں کی ایڑیاں کافی حد تک ٹھیک ہوجاتی ہیں
مردہ جلد کی صفائی
ایڑیوں کی مردہ اور خشک جلد کو اچھے طریقے کے ساتھ صاف کرنا چاہیے، تاکہ مردہ خلیات کو جلد سے دور کیا جاسکے، مردہ خلیات کو جلد سے دور کرنے کیلئے اسکرب کا استعمال کریں یا ایڑیوں پر رگڑنے والے ٹول کے ذریعے سے ایڑیوں کی صفائی کریں، ایسا کرنے سے ایڑیوں پر سے مردہ اور سخت جلد کو ہٹاکر نرم اور صحت مند جلد کو لایا جاسکتا ہے
نیم گرم پانی
ایڑیوں کی جلد پھٹنے کے بعد سخت اور کھردری ہوجاتی ہے، اس سے نمٹنے کیلئے سب سے آسان گھریلو علاج یہ ہے کہ آپ ایک برتن میں نیم گرم پانی کے اندر اپنے پاؤں بھگو دیں اور پاؤں پر شیمپو یا صابن کو لگا کر 20 منٹ تک اسی پانی میں چھوڑ دیں تو ایڑیوں کی جلد میں کافی حد تک نمی آجائے گی، 20 منٹ کے بعد پاؤں کو صاف پانی سے دھو کر خشک کریں اور پٹرولیم جیلی سے ایڑیوں کا ہلکا سا مساج کردیں، یہ طریقہ آپ کی ایڑیوں کی جلد کو نرم و ملائم اور صحت مند بنا سکتا ہے
وٹامن ای کا استعمال
وٹامن ای جلدکیلئے فائدہ مند سمجھا جاتا ہے ،وٹامن ای ایک اینٹی آکسیڈینٹ کے طور پر کام کرتا ہے جوخلیات کی حفاظت کرتا ہے۔ نئے سیلز کو زیادہ دیر تک زندہ رہنے میں مدد بھی دیتا ہے، اور جلد میں نمی کو برقرار رکھنے کیلئےبھی فائدہ مند ہے
نوٹ: یہ معلومات مختلف طبی جریدوں سے حاصل کی گئیں ہیں، زیادہ مسئلے کی صورت میں اپنی قریبی ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کریں