قربانی پر ہاضمہ تیز کرنے والا سفوف بنائیں

قربانی پر ہاضمہ تیز کرنے والا سفوف بنائیں

عید الاضحیٰ پر قربانی کے گوشت سے طرح طرح کے پکوان بنائے جاتے ہیں۔ جو معدے پر اضافی بوجھ ڈالتے ہیں۔ قورمہ، کباب، بریانی، کلیجی، چانپیں اور آخر میں سری پائے عید کا مزہ بڑھا دیتے ہیں۔ لیکن ان لذیذ کھانوں کے بعد بدہضمی، گیس، معدے میں بھاری پن اور معدہ میں جلن کی شکایت بھی عام ہوجاتی ہے

سفوف لکڑہضم پتھر ہضم

ایسی صورت حال سے بچنے کیلئے صحت فٹ پاک آپ کیلئے ایک ایسا سفوف لایا ہے جسے بنانا بھی آسان اور فوائد بھی انتہائی زیادہ ہیں۔ یہ سفوف چھوٹے بڑے ہر قسم کے گوشت کو اور دیگر غذاؤں کو آسانی سے ہضم ہونے میں مدد دے گا۔

سفوف بنانے کے اجزاء

کسی بھی اچھے پنسار سے سفوف کو بنانے اجزاء لے کر انہیں صاف کریں اور کچھ دیر کیلئے دھوپ لگوا لیں۔ اجزاء درج ذیل ہیں۔

سونف 50 گرام
زیرہ 50 گرام
اجوائن 25 گرام
کلونجی 15 گرام
کالا نمک 20 گرام
خشک پودینہ 25 گرام
کالی مرچ 10 گرام
لیموں کے چھلکے خشک 10 گرام
سونٹھ 15 گرام

سفوف بنانے کا طریقہ

ان تمام اجزاء کو اچھی طرح سے صاف کرکے کے کچھ دیر کیلئے دھوپ میں رکھیں۔ تاکہ اگر کسی چیز میں نمی موجود ہے تو وہ ختم ہوسکے اور ان کی پسائی اچھے طریقے سے ہو۔ سونف، زیرہ اور پودینہ خشک کو کسی برتن یا توے پر ہلکی آنچ میں بھون لیں۔ سب اجزاء کو باری باری علیحدہ سے گرینڈر میں پیس لیں۔ تمام اجزاء کو پیسنےکے بعد کسی کھلے برتن میں ڈال کر اچھے سے مکس کریں۔ لیں جی لکڑ ہضم پتھر ہضم سفوف تیار ہوچکا ہے۔ اب اسے کسی شیشے یا پلاسٹک کے جار میں محفوظ کریں۔

سفوف استعمال کرنے کا طریقہ

روزانہ کھانے کے بعد ایک چائے کا چمچ سادہ پانی کے ساتھ استعمال کریں۔ یہ سفوف سالن کے اوپر ڈال کر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اگر پیٹ میں اپھارہ، گیس، اور بدہضمی کی شکایت ہو تو اسے فوری بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سفوف کے فوائد

اس سفوف کے بے شمار فوائد ہیں۔ یہ معدے کو تیز کرتا ہے اور ہاضمے کے نظام کو بہتر بناتا ہے۔ قربانی کے گوشت کی وجہ سے معدہ میں بھاری پن کو بھی ختم کرتا ہے۔ عیدالاضحی تین دن کی عید ہوتی ہے مگر گوشت ہفتوں تک گھروں میں پکتا رہتا ہے۔ گوشت، کلیجی اور سری پائے کی چکنائی ہاضمے کو سست کردیتی ہے۔ لیکن اگر اس سفوف کو استعمال کیا جائے تو نہ صرف ہاضمہ تیز ہوتا ہے بلکہ کھایا جسم کو بھی لگتا ہے۔

عید قرباں کے خوشیوں بھرے دنوں میں جہاں لذیذ کھانوں سے دسترخواں سجتے ہیں۔ تو وہیں اپنی صحت کا بھی خاص خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ یہ سفوف آپ کے معدے کو درست کر کے قربانی کے دنوں میں معدے کے کسی بھی مسئلے سے بچنے میں مددگار ہوگا۔

Facebook
Twitter
WhatsApp

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *