کچے آم کے شربت کے 10 فوائد

کچے آم کے شربت کے فوائد

گرمیوں کے موسم میں جس چیز کا سب سے زیادہ شدت سے انتظار کیا جاتا ہے۔ اسے پھلوں کا بادشاہ عالی جناب آم کہتے ہیں۔ بچے، بڑے، بوڑھے الغرض تمام اس خوش ذائقہ پھل کو مزے سے کھاتے ہیں۔ پکے تو پکے لوگ یہاں کچے آم یعنی کیری کو بھی بڑے شوق اور اہتمام کے ساتھ نوش فرماتے ہیں۔ بلکہ کچے آموں کا شربت تو تقریبا ہر گھر ہی میں بنتا ہو گا۔

کیری کے شربت کے فوائد

پاکستان میں گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی آموں کا موسم بھی قریب آتا جارہا ہے۔ کیری آم سے شربت بنانے کا انتظار بھی کم ہوتا جارہا ہے۔ یہاں آپ جانیں گے کہ کچے آموں کے شربت کے فوائد اور بنانے کا طریقہ۔

ہاضمہ درست کرے

آج کل ہر کوئی ہاضمہ کے مسائل کا رونا رو رہا ہوتا ہے۔ گرمیوں میں گیس، بدہضمی، کھٹی ڈکاریں اور قبض جیسے معدہ کے مسائل بڑھ جاتے ہیں۔ ایسے میں کیری کا شربت ہاضمہ کو تیز کرتا ہے۔ بدہضمی، گیس، قبض اور معدے کے دیگر مسائل سے جھٹکارا دلاتا ہے۔

جسم ہائیڈریٹ رکھے

کیری کا شربت پانی کے ساتھ بنایا جاتا ہے۔ اس میں نمک، زیرہ اور پودینہ شامل کیا جاتا ہے۔ جو کہ ایک نیچرل ہائیڈریشن ڈرنک کا کام کرتا ہے۔ گرمیوں میں پسینہ زیادہ آتا ہے جس کی وجہ سے جسم میں نمکیات کی کمی ہوجاتی ہے۔ اس صورت میں کچے آم کا شربت جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ جسم میں نمکیات کی کمی سے بھی بچاتا ہے۔

وٹامن سی کا خزانہ

آم میں بے شمار منرلز پائے جاتے ہیں لیکن اس میں وٹامن سی بہت زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے۔ خصوصا کچے آم میں اس کی مقدار پکے ہوئے آم سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔ وٹامن سی کے بہت سے فوائد ہیں۔ قوت مدافعت ہو، یا جلد کی صحت کیری سے بنایا ہوا شربت جسم میں وٹامن سی کی ضرورت کو پورا کرتا ہے۔

دانتوں کیلئے فائدہ مند

کچا آم ذائقہ میں کھٹا ہوتا ہے اس کی یہی کھٹاس منہ میں لعاب یعنی تھوک کی پیداوار کو بڑھاتی ہے۔ منہ میں لعاب بننے سے دانتوں اور مسوڑوں کی بہتر طریقے سے صفائی ہوتی ہے۔ آم میں کیلشیم بھی موجود ہوتا ہے۔ کیلشیم دانتوں کی صحت کیلئے انتہائی ضروری منرل ہے۔ اس لیے گرمیوں میں کچے آموں کا شربت بنا کر پینے سے دانتوں کی صحت میں بہتری آتی ہے۔

آنکھوں کی حفاظت

آم میں وٹامن اے بھی پایا جاتا ہے۔ وٹامن اے آنکھوں کی صحت کیلئے ضروی سمجھا جاتا ہے۔ کچے آم کا شربت پینا وٹامن اے کا اہم ذریعہ ہے۔ یہ نظر کو بہتر بنانے کیلئے اہم سورس ہے۔ وٹامن اے خشک آنکھوں اور رات کو کم دکھائی دینے کی بیماری سے بچانے میں مدد کرتا ہے۔

گرمیوں کے موسم میں گرمی اور لو کی وجہ سے پورے جسم کے ساتھ ساتھ آنکھوں میں بھی خشکی پیدا ہوجاتی ہے۔ اس سے بچنے کیلئے کیری کے شربت کا استعمال فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔

صحت مند جلد

گرمیوں میں کچے آموں کا شربت استعمال کرنے سے جلد خوبصورت رہتی ہے۔ چونکہ کیری کا شربت پانی سے بنتا ہے تو یہ جسم کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔ جلد کی اندرونی تہہ میں پانی کو اچھے سے جذب کرتا ہے۔ جبکہ آموں میں موجود وٹامن سی اور ای جلد کو صحت مند، چمکدار اور خوبصورت بناتے ہیں۔ یہ وٹامنز جلد کی خوبصورتی کو بڑھانے، جھریوں کو کم کرنے اور بڑھاپے کے اثرات کو کم کرنے کیلئے بھی پہچانے جاتے ہیں۔

اپنی جلد کو نمایاں، تروتازہ اور خوبصورت بنانے کیلئے گرمیوں کے موسم میں کیری کا شربت اعتدال کے ساتھ ضرور استعمال کریں۔ اس کے استعمال گرمیوں میں جلد کا روکھا پن بھی ختم ہوتا ہے۔

مدافعتی نظام میں بہتری

وٹامن سی مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے۔ کچے آموں میں وٹامن سی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ یہ جسم کو بیماریوں اور انفیکشنز سے لڑنے میں مدد دیتا ہے۔ جب کہ آم اینٹی آکسیڈینٹس سے بھی بھرپور ہوتے ہیں۔ یہ جسم میں موجود فری ریڈیکلز یعنی نقصان دہ زہریلے مادوں کو باہر نکالتے ہیں۔

گرمیوں میں مدافعتی نظام کو فعال بنانے کیلئے کیری کا شربت ضرور استعمال کرنا چاہیے۔ کچے آم کے شربت کے استعمال سے جسم سے فاسد مادے بھی خارج ہوجاتے ہیں۔ اس لیے اس گرمیوں میں بطور مشروب استعمال کریں۔

فوری توانائی کا ذریعہ

کیری کا شربت جسم کو فوری توانائی مہیا کرتا ہے۔ یہ جسم کو ضروری منرلز فراہم کرتا ہے۔ اس میں قدرتی شکر بھی موجود ہوتی ہے (اگر گڑ،چینی یا شہد ڈالیں تو مزید بہتر)۔ یہ جسم کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے جس سے تھکن اور سستی کا خاتمہ ہوتا ہے۔

وزن کم کرے

کچے آموں میں کیلوریز کی مقدار کم ہوتی ہے، جبکہ فائبر زیادہ مقدار میں موجود ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے اسے وزن کم کرنے والی غذا میں شامل کرنے سے فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ کچے آموں کا شربت زیادہ دیر تک پیٹ کو بھرا رہنے کا احساس دلاتا ہے۔ جس سے بار بار بھوک نہیں لگتی اور جسم کم کیلوریز حاصل کرپاتا ہے۔ جس سے وزن میں کمی ہوتی ہے۔

جن افراد کا وزن زیادہ ہو وہ گرمیوں میں کیری کا شربت لازما استعمال کریں۔ یہ ایک صحت مند چوائس ہوسکتی ہے۔ اور صحت پر برا اثر بھی نہیں ڈالتی۔

دل کی صحت کیلئے مفید

کچے آموں کا شربت دل کی صحت کیلئے بھی مفید ہوتا ہے۔ اس میں ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو دل کیلئے فائدہ مند ہوتے ہیں۔ جیسے کہ پوٹاشیم، یہ بلڈ پریشر کو معمول پر رکھتی ہے۔ جبکہ میگنیشیم دل کی دھڑکن کو درست رکھنے میں مدد کرتی ہے۔

موسم گرما میں کچے آموں کا شربت اعتدال کے ساتھ استعمال کرنے سے بہت سے فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

کچے آم کا شربت بنانے کا طریقہ

کیری کا شربت بنانے کا طریقہ انتہائی آسان ہے۔ لیکن اس کیلئے تھوڑی سے مشقت اٹھانا پڑتی ہے۔ نیچے کچے آم کے شربت بنانے کیلئے درکار اجزاء درج ذیل ہیں

کچے آم 2 عدد (درمیانے سائز کے)

پانی 4 سے 5 کپ

چینی یا گڑ حسب ضرورت

کالا نمک آدھا چائے کا چمک

بھنا ہوا زیرہ آدھا چائے کا چمچ (پسا ہوا)

پودینہ چند پتے

کچے آم کا شربت بنانے کی ترکیب

تازہ کچے آموں کو دھو کر اسے کسی دیگچی میں ڈال کر ابالیں۔ جب نرم ہوجائیں تو اس کا چھلکا اتار کر اس میں سے گودا نکال لیں۔ ان آموں کو بلینڈر میں ڈال کر اس میں دیگر چیزیں پانی، چینی یا گڑ، لیموں کا رس، پودینہ، کالا نمک، پسا ہوا زیرہ شامل کریں اور اچھے سے بلینڈ کر لیں۔ بلینڈ کرنے کے بعد اسے باریک جالی سے چھان لیں۔

اگر گاڑھا تیار ہوا ہو تو اس میں مزید چینی یا گڑ شامل کریں اور پانی کا اضافہ کریں۔ مہمانوں اور گھر والوں کیلئے برف کے ساتھ پیش کریں ایک شاندار اور صحت بخش مشروب۔

کیری کا شربت استعمال کرنے والوں کیلئے احتیاط

کیری کا شربت استعمال سے پہلے ڈاکٹر سے رہنمائی ضرور حاصل کریں۔ کچھ لوگوں میں یہ فائدہ مند ثابت نہیں ہوتا ہے۔ اس لیے استعمال سے پہلے اپنے ذاتی معالج سے ضرور مشورہ کرنا چاہیے۔

Facebook
Twitter
WhatsApp

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *