اندر سے لال اور میٹھے تربوز کی 5 نشانیاں

اندر سے لال اور میٹھے تربوز کی 5 نشانیاں

گرمیوں کے موسم میں تربوز ناصرف تازگی بخشتا ہے بلکہ یہ جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے بھی بچاتا ہے۔ مگر تربوز تب مسئلہ کرتا ہے جب اسے بازار سے خرید کر گھر لایا جائے تو یہ پھیکا اور بد ذائقہ نکلے۔

میٹھے تربوز کی کچھ ایسی آسان نشانیاں ہیں جنہیں جاننے کے بعد آپ کبھی بھی بدذائقہ اور پھیکا تربوز نہیں خریدیں گے۔ یہ نشانیاں کون کون سی ہیں آئیں جانتے ہیں

تربوز کے چھلکے کا رنگ

میٹھے تربوز کی سب سے بڑی نشانی اس کی بیرونی رنگت ہوتی ہے۔ گہرا سبز تربوز جو دور سے سیاہ رنگ کا نظر آئے اسے دیر کیے بغیر خرید لینا چاہیے، کیونکہ ایسا تربوز اندر سے لال اور میٹھا ہوتا ہے۔

میٹھے اور لال تربوز کی نشانیاں

اس کے علاوہ تربوز پر ہلکے پیلے یا زردی رنگ کا ہونا بھی میٹھے اور لال تربوز کی نشانی ہے۔ ہلکا یا سفید نشان عام طور پر کچے اور پھیکے تربوز کی نشانی ہے۔ ایسے تربوز کو نہیں خریدنا چاہیے۔

تربوز چونکہ ایک وزنی پھل ہے جو بیل کے ساتھ لگتا ہے، اور زمین پر پڑا رہتا ہے۔ اسی وجہ سے تربوز کی ایک سائیڈ پر زرد پیلا نشان ہوتا ہے، ایسے تربوز کو بلاخطر خرید لینا چاہیے۔

تربوز کا وزن

تربوز کے میٹھے اور اندر سے لال ہونے کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ جو تربوز دیکھنے سے زیادہ وزنی محسوس ہو اسے خرید لینا چاہیے۔

مثال کے طور پر آپ کو ایک تربوز دیکھنے میں پانچ کلو گرام کا لگ رہا ہے، لیکن تولنے پر وہ پانچ کلو سے زیادہ ہے تو اسے خرید لینا چاہیے۔

اگر تربوز اپنے سائز کے لحاظ سے بھاری لگتا ہو تو یہ واضح اشارہ ہے کہ اس میں پانی اور رس زیادہ ہے۔ زیادہ رس والا تربوز عموما میٹھا اور لال ہوتا ہے۔

وزن کے ساتھ ساتھ ایک اور نشانی اگر پوری ہوجائے تو یقینا وہ تربوز میٹھا اور لال ہوتا ہے، نیچے ملاحظہ کریں

تربوز کی آواز

میٹھا تربوز خریدنے سے پہلے اسے ٹھوک بجا کر دیکھنا چاہیے۔ اگر تربوز کو ہلکا سا تھپتھپایا جائے اور اس سے کھنک دار آواز آئے تو ایسے تربوز کو فورا سے پہلے خرید لینا چاہیے۔

اگر آسانی سے سمجھایا جائے تو یہ کہ تربوز کو بجانے سے لکڑی کے دروازے پر دستک جیسی آواز آئے تو سمجھ لیں یہ تربوز میٹھا اور رسیلا ہے۔

اور اگر تربوز کے بجانے پر مدھم یا گھٹ گھٹ کی آواز آئے تو یہ تربوز اندر سے کچا یا کم میٹھا ہوسکتا ہے۔

تربوز کی ڈنڈی

تربوز کو جہاں سے توڑا جاتا ہے وہاں اس کی ڈنڈی اگر سوکھی ہوئی اور بھورے رنگ کی ہو تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پھل مکمل طور پر پکا ہوا ہے اور تربوز اندر سے لال اور میٹھا ہے۔

اگر تربوز کے اوپری حصے پر موجود ڈنڈی سبز ہو تو ایسا تربوز ابھی کچا ہے، اور اندر سے سفید اور بدذائقہ ہوگا۔

تربوز کی شکل اور گولائی

بازار سے تربوز خریدتے وقت اس کی شکل کو بھی دیکھ کر اس کے میٹھے ہونے کی نشاندہی کی جاسکتی ہے۔ گول تربوز عموما میٹھا اور لال نکتا ہے۔ جبکہ بیضوی اور لمبوترا تربوز کم میٹھا اور بدذائقہ ہوسکتا ہے۔

تربوز کے فائدے

تربوز کے فائدے

تربوز میں 90 فیصد پانی ہوتا ہے جو جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے بچاتا ہے۔

اس میں لائکوپین نامی اینٹی آکسیڈنٹ مرکب ہوتا ہے جو دل کے امراض کے خطرات کو کم کرتا ہے۔

تربوز ہاضمہ کے نظام کو بھی بہتر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس ذائقہ دار پھل میں وٹامن اے اور سی کی موجودگی جلد کی صحت اور بالوں کی نشوونما کیلئے فائدہ مند ہوتی ہے۔

تربوز میں بیٹاکیروٹین ہوتا ہے جو بینائی کو تیز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے

تربوز خریدتے وقت احتیاطی تدابیر

فروٹ خریدتے وقت ہمیشہ کچھ باتوں کو مدنظر رکھا جائے تو لذیذ اور خوش ذائقہ پھلوں کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

بہت سے پھل فروش پھلوں کو بیچنے کیلئے مختلف حربے اختیار کرتے ہیں۔ جو خریدنے والوں کیلئے وبالِ جان بن جاتے ہیں۔

اکثر دکان داروں کے پاس کاٹنے کیلے جو چھریاں کانٹے موجود ہوتے ہیں ان کی صفائی ستھرائی نہیں کی جاتی۔

اکثر دیکھا گیا ہے کہ زنگ آلود چھریوں اور گندے ہاتھوں سے دکان دار پھلوں کو کاٹ رہے ہوتے ہیں جو فائدے کی بجائے الٹا نقصان دیتے ہیں۔

تو ایسی صورت حال سے بچنے کیلئے جب بھی تربوز خریدنے کی غرض سے پھلوں کی مارکیٹ کا رخ کیا جائے تو تربوز کو اچھے سے دیکھا جائے کہ اس پر کوئی نشان تو نہیں ہے۔ ایسا نہ ہو کہ فائدہ کی بجائے الٹا بیماریاں گھر لے جائیں۔

Facebook
Twitter
WhatsApp

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *