منہ کے چھالوں کو ختم کرنے کے 8 گھریلو ٹوٹکے

منہ کے چھالوں کا علاج

منہ کے چھالے ایک عام مگر تکلیف دہ مسئلہ ہے۔ جو ہر عمر کے افراد کو متاثر کرتا ہے۔ خصوصا موسم گرما میں ان چھالوں کے بننے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ یہ چھالے عموما چھوٹے سائز کے مگر انتہائی تکلیف دہ ہوتے ہیں۔ عموما یہ چھالے زبان، ہونٹوں کی اندر والی سائیڈ، گالوں کے اندر اور مسوڑوں میں بنتے ہیں۔

منہ کے چھالوں کا گھریلو علاج

یہاں آپ کو چند گھریلو علاج اور ٹوٹکے بتائے جائیں گے۔ جن کی مدد سے آپ منہ کے چھالوں کی تکلیف سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔

سبز الائچی چبائیں

سبز الائچی کی تاثر ٹھنڈی ہوتی ہے۔ یہ جسم اور معدے کی گرمی کو دور کرتی ہے۔ اکثر لوگوں میں گرمی کی وجہ سے منہ میں چھالے بنتے ہیں۔ الائچی چھالوں کی جلن، سوزش، بیکٹیریا اور بو کو ختم کرتی ہے۔

منہ کے چھالے ختم کرنے کیلئے روزانہ 2 سے 3 بار ایک یا دو الائچی ہر دفعہ منہ میں چبائیں۔ اور پھر انہیں کھا لیں، جلد ہی چھالے ختم ہوجائیں گے۔ اس کے علاوہ چھالوں کی وجہ سے منہ میں جلن بھی کم ہوجائے گی۔

نمک کا پانی

چھالوں کی صورت میں نمک کا پانی بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔ ایک گلاس پانی میں آدھا چمچ نمک ملا کر اس سے کلی کریں۔ یہ عمل دن میں 3 سے 4 بار دہرایا جاسکتا ہے۔ منہ کے چھالوں کی سوزش کو کم کرکے منہ میں جراثیم کو بھی ختم کردے گی۔

تلسی کے پتے

تلسی کے پتے اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگل ہوتے ہیں۔ چھالوں کی صورت میں روزانہ صبح شام 5 سے 6 پتے چبانے سے کافی فائدہ ہوتا ہے۔ یہ چھالوں کے زخم بھرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان پتوں کے چبانے سے معدہ کی گرمی میں بھی فائدہ ہوتا ہے۔

گلیسرین

زبان، گالوں اور ہونٹوں کے اندر چھالے انتہائی تکلیف دہ ہوتے ہیں۔ اکثر اوقات یہ چھالے خشکی کی وجہ سے بنتے ہیں۔ روئی کی مدد سے ان چھالوں پر گلیسرین لگانے سے تکلیف میں کمی آتی ہے۔

کچی لسی

گرمیوں میں منہ کے چھالوں کا بہترین علاج کچی لسی ہے۔ ایک حصہ ٹھنڈے دودھ میں دو حصے ٹھنڈا پانی ڈال کر اسے منہ میں رکھیں۔ اور کچھ دیر کے بعد یہ لسی پی لیں۔ تھوڑی تھوڑی کر کے پئیں، جلد ہی بہت زیادہ فائدہ ہوگا۔ کچی لسی پینے سے معدے اور جسم کی گرمی بھی دور ہوجاتی ہے۔

دہی کا استعمال

دہی میں فائدہ مند بیکٹیریا موجود ہوتے ہیں۔ جو کہ آنتوں اور معدے کو بہت زیادہ فائدہ پہنچاتے ہیں۔ منہ میں چھالوں کیلئے دہی ایک بہترین گھریو علاج ہے۔ دہی کا تاثر بھی سرد ہوتی ہے۔ یہ جسم کی گرمی بھی دور کرتی ہے اور معدے کو بھی فائدہ دیتی ہے۔

شہد کا استعمال

خالص شہد نہ صرف منہ کے چھالوں کے زخم کو بھرتا ہے۔ بلکہ یہ درد اور سوجن کو بھی کم کرتا ہے۔ تھوڑی سی مقدار میں شہد انگلی پر لگا کر چھالوں پر لگائیں۔ یہ عمل دن میں 2 سے 3 بار دہرانے سے چھالوں سے افاقہ ہوگا۔

ایلوویرا جیل

منہ کے چھالوں کو ختم کرنے اور تکلیف کم کرنے کیلئے ایلوویرا جیل بھی فائدہ پہنچاتی ہے۔ ایلوویرا جیل کو منہ میں موجود چھالوں پر لگانے سے فوری طور پر درد اور جلد کم ہوجائے گی۔ جبکہ کچھ ہی بار کے استعمال سے یہ چھالے مکمل ختم ہوجائیں گے۔

منہ کے چھالوں کی وجوہات

منہ کے چھالوں کی بہت سی وجوہات ہو سکتی ہیں، جن میں چند ایک درج ذیل ہیں۔

ذہنی دباؤ اور تھکن

منہ میں چھالے ذہنی دباؤ کی وجہ سے بھی بن سکتے ہیں۔ ذہنی دباؤ کا اثر ہمارے مدافعتی نظام پر پڑتا ہے۔ جس سے ہمارے جسم کی بیماریوں کے خلاف لڑنے کی صلاحیت کمزور ہوجاتی ہے۔ اس کمزوری کے نتیجے میں منہ کے اندر کے نرم ٹشو بھی متاثر ہوتے ہیں۔ جو کہ چھالوں کی وجہ بنتے ہیں۔

جسمانی گرمی

جب جسم میں اندرونی طور پر گرمی بڑھتی ہے۔ تو جسم مختلف طریقوں سے ردعمل ظاہر کرنا شروع کردیتا ہے۔ بعض اوقات جلد پر دانے بن جاتے ہیں۔ تو کبھی کبھار ناک سے خون بہتا ہے، پیشاب کا گہرا رنگ بھی گرمی کی شدت ظاہر کرتا ہے۔ اور منہ میں چھالوں کا بننا بھی اکثر اوقات جسم اور معدے کی گرمی کی وجہ سے ہوتا ہے۔

معدے کی خرابی

اگر معدہ زیادہ تیزاب بنا رہا ہو یا بدہضمی ہورہی ہو، تو یہ پورے نظام انہضام پر اثر انداز ہوتا ہے۔ اس کا اثر منہ کے اندرونی ماحول پر بھی پڑسکتا ہے۔ اس کے علاوہ اگر آنتیں ٹھیک سے صاف نہ ہوں، تو جسم میں زہریلے مادے جمع ہوسکتے ہیں۔ یہ زہریلے مادے میں چھالوں اور جلدی مسائل پیدا کرتے ہیں۔

آئرن اور فولک ایسڈ کی کمی

بعض اوقات غذائی کمی خصوصا آئرن اور فولک ایسڈ کی کمی بھی منہ میں چھالوں کی وجہ بن سکتی ہے۔ آئرن اور فولک ایسڈ کا کام خون کے خلیات کو مرمت کرنا اور خون میں آکسیجن کی ترسیل کرنا ہوتا ہے۔ منہ کی جھلیاں حساس ہوتی ہیں ان اجزاء کی کمی سے منہ میں چھالے بن سکتے ہیں۔

مصالحہ دار کھانے

مرچ یا گرم مصالحے منہ کے اندر نازک جھلیوں کو خراش پہنچاتے ہیں۔ جس سے منہ کے اندر چھوٹے چھوٹے زخم بن جاتے ہیں۔ جو بعد میں چھالوں کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ مصالحے دار کھانے معدے میں تیزابیت پیدا کرتے ہیں۔ معدے میں تیزابیت کی وجہ سے بھی منہ میں چھالے بن سکتے ہیں۔

منہ کے چھالوں کی علامات

زبان، گال کے اندر، اور ہونٹوں کے اندر چھوٹے دانے
ان دانوں کا رنگ سفید یا زرد ہوتا ہے جن کے اردگرد سرخی ہوتی ہے
کھانے کے دوران انتہائی تکلیف ہوتی ہے۔
اکثر اوقات بولنے میں بھی پریشانی ہوتی ہے۔

منہ میں چھالے بظاہر معمولی ہوتے ہیں، مگر یہ بہت زیادہ تکلیف دیتے ہیں۔ ان کے علاج کیلئے گھریلو ٹوٹکے نہایت ہی موثر ثابت ہوتے ہیں۔ آپ اوپر بتائے گئے ٹوٹکوں میں سے کسی ایک ٹوٹکے کا ایک وقت میں استعمال کریں۔ یہ فوری فائدہ پہنچائے گا۔ چھالوں کی وجہ سے جلن اور درد سے راحت ملے گی۔ اگر منہ میں چھالے علاج کے باوجود دو ہفتوں سے زیادہ رہیں تو اچھے ڈاکٹر سے مشورہ کرلینا چاہیے۔

منہ میں چھالے کیوں ہوتے ہیں؟

منہ میں چھالوں کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ معدے کی گرمی، السر، پانی کی کمی، آئرن اور فولک ایسڈ کی کمی، مصالحے دار کھانے، نیند کی کمی اور تناؤ اس میں سرفہرست ہیں

منہ کے چھالے کتنے دنوں میں ٹھیک ہوجاتے ہیں

منہ کے چھالے عموما 5 سے 7 دن میں خودبخود ختم ہوجاتے ہیں۔ لیکن اگر اوپر بیان کیے گئے ٹوٹکوں سے علاج کیا جائے تو اس سے پہلے بھی ختم ہوسکتےہیں۔ اگر چھالے 2 ہفتوں سے زائد رہیں تو اس صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے

منہ کے چھالوں سے بچاؤ کیسے کیا جائے

منہ کے چھالوں سے بچاؤ کیلئے پانی وافر مقدار میں پیا جائے، تلخ اور تیز مصالحے والے کھانوں سے پرہیز کیا جائے، ٹھنڈے مشروب کا استعمال کیا جائے، نیند پوری کریں اور ذہنی دباؤ کو کم کریں۔

Facebook
Twitter
WhatsApp

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *