گرمیوں میں رنگ گورا کرنے والے قدرتی سکرب

گرمیوں میں رنگ گورا کرنے والے قدرتی سکرب

گرمیوں کے موسم میں سورج کی تپش اور لو جلد کو متاثر کرتی ہے۔ جبکہ اس موسم میں دھول مٹی بھی جلد کیلئے خطرناک صورتحال پیدا کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ موسم گرما میں خوبصورت گورا رنگ سیاہ گندمی ہوجاتا ہے۔ چہرے پر دانے نکل آتے ہیں۔ اور جلد کی حالت انتہائی بری ہوجاتی ہے۔

اس صورت حال سے نمٹنے کیلئے کچھ قدرتی چیزوں کے ذریعے چہرے، ہاتھوں اور پاؤں کی خوبصورتی کو واپس لایا جاسکتا ہے۔ یہاں آپ کو قدرتی چیزوں سے سکرب بنانے کے آسان طریقے بتائے جارہے ہیں۔ یہ آپ گھر پر باآسانی بناسکتے ہیں۔ اور ان میں کوئی کیمیکل بھی استعمال نہیں کیاجاتا۔

تربوز کا سکرب

موسم گرما میں تربوز کو خاص مقبولیت حاصل ہے۔ یہ پھل نہ صرف کھایا جاتا ہے، اس کا جوس بنا کر پیا جاتا ہے۔ بلکہ اس کو بطورِ سکرب بھی چہرے، ہاتھوں اور پیروں پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تربوز میں 90 فیصد تک پانی ہوتا ہے۔ یہ جلد کو نمی فراہم کرتا ہے۔ تربوز میں موجود وٹامنز، منرلز اور اینٹی آکسیڈنٹس جلد کی صفائی، نرمی اور چمک میں مفید ہیں۔

گرمیوں کے موسم میں جلد پر خشکی ہوجاتی ہےاس صورت میں یہ جلد کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔ جبکہ تربوز میں موجود الفاہائیڈروکسی جلد کی اوپری تہہ سے مردہ خلیات کو ہٹاتے ہیں۔ تربوز وٹامن سی کا اہم سورس ہے، وٹامن سی اور لائکوپین جلد کو قدرتی طور پر نکھارتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ گرمیوں میں جلد کو سن برن سے بچاتے ہوئے ٹھنڈک پہنچاتا ہے۔

سکرب بنانے کا طریقہ

تربوز کا سکرب بنانا انتہائی آسان ہے اس کے چند سادہ سے اجزاء درکار ہوں گے۔

تربوز کے ٹکڑے آدھا کپ

شہد 1 چمچ

اوٹ میل (جو کا دلیہ) معمولی مقدار

چینی پسی ہوئی 1 چمچ

ناریل کا تیل 1 چمچ

تربوز کو اچھے سے بلینڈ کر لیں۔ اور اس میں دوسرے اجزاء شامل کرکے اچھے سے مکس کرلیں۔ استعمال سے پہلے چہرے، ہاتھوں اور پاؤں کو صابن سے دھو لیں 3 سے 5 منٹ تک ہلکے ہاتھوں سے گولائی میں مساج کریں۔ اس کے بعد اسے دھو لیں۔ نکھری ہوئی اور خوبصورت جلد کیلئے ہفتے میں دو دفعہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کھیرے کا سکرب

پاکستان بھر میں کھیرے کو سلاد میں استعمال کیا جاتا ہے۔ کھانے کے علاوہ اسے جلد کی خوبصورتی کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ کھیرے میں 95 فیصد پانی موجود ہوتا ہے۔ اسے چند دیگر اجزاء کے ساتھ ملا کر چہرے، ہاتھوں، پیروں اور گردن پر لگایا جائے تو قدرتی طور پر جلد میں نرمی اور چمک پیدا ہوتی ہے۔

کھیرے کے مسلسل استعمال سے چہرے کے داغ دھبے، کیل مہاسے اور ایکنی کا خاتمہ بھی ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ کھیرے کا سکرب جلد سے ڈیڈ سیلز کو بھی ختم کرتا ہے۔  جس سے چہرہ گورا، چمکدار، نرم اور خوبرو نظر آتا ہے۔

سکرب بنانے کا طریقہ

کھیرے کا سکرب بنانے کیلئے درکار اجزاء

کھیرا درمیانے سائز کا 1 عدد

دہی کھانے کا 1 چمچ

ایلوویرا جیل کھانے کا 1 چمچ

براؤن شوگر 1 کھانے کا چمچ

لیموں کا رس 1 چائے کا چمچ

کھیرے کو دھو کر اچھے طریقے سے چھیل لیں۔ بلینڈر یا کدو کش کی مدد سے باریک پیسٹ کی شکل میں بنا لیں۔ اس میں باریک چینی، ایلویرا جیل، دہی اور آخر میں لیموں شامل کریں۔ تمام چیزوں کو اچھے طریقے سے مکس کریں۔ یہ سکرب لگانے سے پہلے جلد کو نیم گرم پانی کے ساتھ دو لیں اور پھر جلد پر لگائیں۔ چہرے، گردن، ہاتھوں اور پیروں پر 5 منٹ تک اچھے سے مساج کریں۔ 5 منٹ تک مساج کرنے کے بعد 10 منٹ تک اسے ایسے ہی لگا رہنے دیں۔ اور 10 منٹ کے بعد اسے دھو لیں۔

ہفتے میں 2 سے 3 دفعہ یہ سکرب استعمال کیا جاسکتا ہے۔ چہرے کی قدرتی رنگت نکھارنے کیلئے گرمیوں میں لازمی ٹرائی کریں۔

آڑو کا سکرب

آڑو بلاشبہ گرمیوں کا ایک خاص پھل ہے۔ کاسمیٹکس کی مختلف پروڈکٹس میں آڑو کو استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کی وجہ آڑومیں موجود فائدہ مند اجزاء کا ہونا ہے جن کی وجہ سے جلد کی خوبصورتی، چہرے کی رونق اور چمک میں بے پناہ اضافہ ہوتا ہے۔ آڑو میں وٹامن اے اور سی موجود ہوتا ہے جو جلد کی حفاظت اور خوبصورتی کیلئے اہم وٹامنز ہیں۔ بازار میں آڑو کی تصوریر کے ساتھ بے شمار سکرب موجود ہوتے ہیں، جو فائدہ پہنچانے کے ساتھ ساتھ جلد کیلئے نقصان کا باعث بھی بنتے ہیں۔ یہاں آپ جانیں گے آڑو کے سکرب بنانے اور استعمال کرنے کا طریقہ کہ کیسے آڑو آپ کی جلد کو نکھار کے قدرتی چمک دیتا ہے۔

سکرب بنانے کا طریقہ

آڑو کا سکرب بنانے کیلئے درکار اجزاء

درمیانے سائز کا پکا ہوا آڑو 1 عدد

شہد کھانے کا 1 چمچ

ناریل کا تیل 1 چائے کا چمچ (خشک جلد والوں کیلئے)

لیموں کا رس چند قطرے

آڑو کو دھو کر اس کا اوپری چھلکا اتار لیں اور اندر سے گودا نکال لیں۔ اور اچھے طریقے سے بلینڈ کرلیں۔ اس میں شہد، لیموں اور ناریل کا تیل شامل کر لیں۔ جن افراد کی جلد خشک نہیں وہ چاہیں تو ناریل کا تیل استعمال نہ کریں۔ تمام اجزاء کو اچھے طریقے سے مکس کرلیں۔ ہاتھوں، پیروں اور چہرے کو نیم گرم پانی سے دھو کر اس سکرب کو چہرے پر دائرے کی صورت میں 5 منٹ تک ہلکا مساج کریں۔ 5 منٹ تک مساج کرنے کے بعد اسے 5 منٹ تک چہرے، ہاتھوں اور پاؤں پر لگارہنے دیں۔ اور پانچ منٹ کے بعد ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔ آپ اپنی جلد پر واضح فرق محسوس کریں گے۔ ہفتے میں 2 بار سے زیادہ اس سکرب کو استعمال نہ کریں۔ ایک بہترین قدرتی، آسان اور سستے کیمیکلز سے پاک سکرب سے فائدہ حاصل کریں۔

سٹابیری کا سکرب

گرمیوں کا موسم شروع ہوتے ہی مارکیٹ سرخ رنگ کے اس رسیلے پھل کی آمد کا اعلان کرتی ہے۔ لال رنگ کی سٹابیری اپنے اندر بے شمار وٹامنز، منرلز سمائے ہوئے ہوتی ہے۔ سٹابیری اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے جو جلد کو سورج کی شعاؤں سے بچاتی ہے۔ اس میں وٹامن سی اور الفا ہائیڈروکس ایسڈ جلد کی چمک میں اضافہ کرتے ہیں۔ سٹابیری کا سکرب جلد سے ڈیڈ سیلز کو نکالتا ہے جس سے جلد صاف اور تروتازہ ہوجاتی ہے۔ جبکہ اس میں موجود ایک ایسڈ جلد کے مسام کو صاف کرکے ایکنی اور دھبو کا خاتمہ کرتا ہے۔

سکرب بنانے کا طریقہ

تازہ سٹابیری 4 عدد

براؤن شوگر 1 کھانےکا چمچ

دہی 1 کھانے کا چمچ

بادام/ناریل کا تیل 1 کھانے کا چمچ (خشک جلد کیلئے)

اسٹابیریز کو دھو کر بلینڈ کر لیں۔ اس میں دیگر اجزاء پسی ہوئی براؤن شوگر (پسی ہوئی)، دہی اور ناریل یا بادام کا تیل شامل کرکے اچھے سے مکس کر لیں اور 5 منٹ کیلے فریزر میں رکھ دیں۔ نیم گرم پانی کے ساتھ جلد کو دھو لیں جہاں لگانا ہو۔ پھر 3 سے 5 منٹ تک انگلیوں کی مدد سے گولائی میں مساج کریں۔ اس کے بعد اسے دس منٹ تک ایسے ہی لگا رہنے دیں تاکہ سٹابیری میں موجود غذائی اجزاء اچھے طریقے سے جذب ہولیں۔ بعد میں نیم گرم پانی کے ساتھ دھو کر تولیہ سے صاف کر لیں۔ اس سکرب سے آپ کی جلد کو قدرتی رعنائی ملے گی اور حسن میں اضافہ ہوگا۔

پپیتا کا سکرب

پپیتا قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے۔ یہ نہ صرف صحت کیلئے فائدہ مند ہے، بلکہ جلد کی خوبصورتی، رنگت میں شفافیت اور جلد کو نرم و ملائم کرنے کے ساتھ ساتھ بڑھاپے کے اثرات کو روکنے میں بھی مدد کرتا ہے۔ پپیتا اینٹی بیکٹیریل پھل ہے۔ یہ جلد کو دانوں اور کیل مہاسوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔ پپیتا کو کھانے کے بھی بے شمار فوائد ہیں اور اس پھل کا سکرب بنا کر جلد پر لگانے سے بھی جلد کی رنگت کو گورا، نرم و ملائم اور چمک دار بنایا جاسکتا ہے۔

سکرب بنانے کا طریقہ

پپیتا پکا ہوا آدھا کپ

شہد 1 کھانے کا چمچ

دہی 1 کھانے کا چمچ

لیموں کا رس 1 کھانے کا چمچ

عرق گلاب 1 کھانے کا چمچ

پپیتا کے ٹکڑے اچھے سے بلینڈ کر لیں اس میں شہد،لیموں اور دہی شامل کریں۔ اچھے سے مکس کرکے ہاتھوں، پیروں، چہرے اور گردن پر لگا دیں۔ اور 5 منٹ تک ہلکا مساج کرتے رہیں۔ 5 منٹ کے بعد اس سکرب کو چہرے پر 10 منٹ کیلئے لگا رہنے دیں۔ اور بعد میں ٹھنڈے پانی سے دھو کر تولیہ کے ساتھ آہستہ سے صاف کرلیں۔ کچھ ہی دنوں کے استعمال سے جلد کی رنگت بھی صاف ہوگی۔ جلد کے دھبے، کیل مہاسے اور دانے جلد ہی ختم ہوجائیں گے۔

خوبصورت اور دلکش نظر آنے کیلئے اپنی جلد کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ خصوصا موسم گرما میں جب درجہ حرارت زیادہ ہوجاتا ہے۔ ایسی صورت میں جلد کی حفاظت کرنا زیادہ ضروری ہوجاتا ہے۔ یہ چار قدرتی چیزوں کے سکرب آپ کی جلد کی رنگت کو نکھارتے ہیں۔ رنگ گورا کرنے اور چہرے کے داغ دھبوں کو ختم کرنے کیلئے موثر ثابت ہوسکتے ہیں۔

حساس جلد والے افراد پہلے اپنے معالج سے رابطہ کرلیں۔

FAQ’s

گرمیوں میں رنگ گورا کرنے والے پھل کون کون سے ہیں

گرمیوں میں مختلف پھلوں کے استعمال سے بہت سے فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں وہیں کچھ ایسے پھل بھی ہوتے ہیں جن کے استعمال سے آپ کی جلد خصوصا چہرے، گردن ہاتھوں اور پاؤں کی جلد کی رنگت اور نکھار میں اضافہ کیا جاسکتاہے۔ ان پھلوں میں تربوز، آڑو، پپیتا، آم، آنگور، سٹابیری اور چند دیگر قابل ذکر ہیں۔ ان پھلوں میں وٹامنز اور منرلز موجود ہیں جو جلد کو گورا، کیل مہاسوں اور دانوں کا خاتمہ، داغ دھبے ختم کرنے کی صلاحیت موجود ہے

کیا قدرتی سکرب استعمال کرنے کے فوائد کیمیکلز زدہ سکرب سے زیادہ ہیں

قدرتی سکرب میں تمام چیزیں جو استعمال کی جاتی ہیں وہ قدرتی ہوتی ہیں۔ اس میں کیمیکلز نام کو بھی نہیں ہوتے۔ کیمیکلز والے سکرب جلد کو فوری طور پر گورا کردیتے ہیں لیکن بعد میں ان کے نقصانات ہمیشہ کیلئے ہوتے ہیں۔ اس لیے ہمیشہ قدرتی چیزوں کا استعمال کرکے جلد کو خوبصورت بنانا چاہیے۔

ایک ہفتے میں کتنی دفعہ چہرے کا سکرب کرنا چاہیے

یہ آپ کی جلد کی حساسیت پر منحصر ہے کہ آپ ایک ہفتے میں کتنی دفعہ سکرب کرتے ہیں اور آپ کی جلد اس پر کیسا ری ایکشن دیتی ہے۔ لیکن ایک عام خیال یہ کیا جاتا ہےکہ ایک ہفتہ میں 2 سے 3 بار سکرب کرنا محفوظ ہوتا ہے۔ اگر جلد زیادہ حساس ہو تو ہفتہ میں صرف ایک بار ہی سکرب کیا جائے

Facebook
Twitter
WhatsApp

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *