تازہ بلاگ

دماغ سے ہر وقت سیکس  کا خیال کیسے نکالا جائے

دماغ سے ہر وقت سیکس کا خیال کیسے نکالا جائے

جیمز ایلن کا ایک مشہور قول ہے کہ تمہارا دماغ ایک باغ کی مانند ہے، جبکہ تمہارے خیالات بیج ہیں۔ جو کچھ تم بوتے ہو وہی کاٹو گے۔ نوجوانوں میں جنسی خیالات کا آنا ایک فطری بات ہے۔ لیکن اگر یہ خیالات حد سے بڑھ جائیں تو یہ آپ کی روزمرہ کی زندگی کو بہت زیادہ متاثر کرتے ہیں۔

دماغ میں ہر وقت جنسی خیالات کا آنا صحت کے بے شمار مسائل پیدا کرتا ہے۔ اس مسئلے کو وقت پر حل کرنا بہت زیادہ ضروری ہوتا ہے۔ یہاں آپ کو چند ایسے طریقے بتائے جارہے ہیں جن پر عمل کرکے آپ کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

دماغ کو کنڑول کریں

کسی بھی انسان کے دماغ میں جو خیالات باربار آتے ہیں۔ وہ خیالات آہستہ آہستہ عادت بنتے جاتے ہیں۔ جنسی خیالات کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ دماغ کو کنٹرول کرنا سیکھیں۔ جب کبھی بھی جنسی خیال آئے تو دماغ کو اس سے ہٹا کر کسی دوسری چیز میں مصروف کریں۔ اگر آپ یہ کوشش کچھ دنوں تک جاری رکھتے ہیں تو دماغ کو یہ جنسی خیال کے برے ہونے کے بارے میں احساس ہوجائے گا۔ اور آپ اس طریقے سے اپنے دماغ کو ٹرین کرکے کنٹرول کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں
کھاتے بہت ہیں پر لگتا نہیں۔ کیا علاج کیا جائے؟
ننگی فلمیں دیکھنا کیسے چھوڑیں

خود کو مصروف کریں

فارغ رہنے سے دماغ میں شیطانی خیالات آتے رہتے ہیں۔ آپ میں سے اکثریت نے یہ مشاہدہ کیا ہوگا کہ فارغ وقت میں جو خیالات آتے ہیں ان میں جنسی خیالات سرفہرست ہیں۔ اگر ان خیالات سے بچنا ہے تو خود کو مصروف رکھنا پڑے گا۔ کھیل کود، ورزش، گھریلو کام کاج، کتابیں یا دیگر مشاغل میں خود کو مصروف رکھنے سے جنسی خیالات سے چھٹکارا ممکن ہے۔

تنہائی سے بچیں

تنہائی جنسی خیالات کی سب سے بڑی آماجگاہ ہے۔ جب بھی کوئی انسان اکیلا ہوتا ہے تو اس کا دماغ زیادہ سوچ و بچار کر رہا ہوتا ہے۔ شیطان کا وار سب سے زیادہ تنہا شخص پر پڑتا ہے۔ اگر جنسی خیالات سے بچنا ہے تو تنہا رہنے سے مکمل پرہیز کرنی چاہیے۔ گھر یا کسی جگہ اکیلے رہنے کی بجائے یہ وقت پارک، اچھے دوستوں یا کھیل کود میں گزاریں۔

فحش مواد سے بچیں

فحش مواد انسانی دماغ، عادات اور صحت پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتا ہے۔ یہ نہ صرف دماغ میں جنسی خیالات کو بڑھاتا ہے۔ بلکہ یہ انسان کی اصل زندگی میں دلچسپی کو ختم کردیتا ہے۔ آپ میں سے اگر کوئی شادی شدہ فرد اس فحش مواد دیکھنے کی عادت میں مبتلا ہے۔ تو اس نے یہ تجربہ کیا ہوگا کہ اس کے بیوی کے ساتھ ازدواجی تعلقات آہستہ آہستہ خراب ہورہے ہوں گے۔

فحش مواد دیکھنے کی عادت سے بچنے کیلئے ان ذرائع کو مکمل بند کریں جہاں سے یہ مواد آپ تک آرہا ہے۔ دل میں مکمل عہد کریں اور اپنے اندر اس سے نفرت پیدا کریں۔ اور یہ بھی جان لیں کہ فحش مواد دیکھنے کا انجام صرف وقتی لذت ہے۔ لیکن بعد میں خود اعتمادی میں کمی، ڈپریشن، جنسی کمزوری، شرمندگی اور احساس گناہ آپ کو پریشان کرتے ہیں۔

صحبت تبدیل کریں

انسانی عادت، خیالات، رویہ اور کردار صحبت کا عکس ہوتا ہے۔ اگر آپ برے دوستوں کی صحبت میں بیٹھتے ہیں جو فحش اور جنسی موضوعات پر گفتگو کرتے ہیں تو یہ آپ کے دماغ پر بہت برا اثر ڈالتی ہے۔ یہ آہستہ آہستہ آپ کے اندر جنسی خیالات کو بڑھاتی ہے۔ جس کا نتیجہ آخر میں یہ ہوتا ہے کہ آپ بھی اپنے دوستوں کی طرح گناہ کی طرف چلے جاتے ہیں۔

اچھے دوستوں کی صحبت سے آپ جنسی خیالات سے بچے رہتے ہیں۔ اس لیے جو بھی برے دوستوں کی صحبت میں ہے فورا چھوڑ دے تاکہ ایک اچھی زندگی گزار سکے۔

عبادت میں مشغولیت

مسلمان ہونے کے ناطے ہمارا یہ عقیدہ ہے کہ انسان اگر اللہ سے جڑ جائے تو برائی دور ہوجاتی ہے۔ عبادات آپ کے دل و دماغ کو پاکیزہ بناتی ہیں۔ نماز، تلاوت، درود و اذکار اور دعاؤں میں مشغول رہنے سے انسان نفسانی خواہشات پر قابو پا سکتا ہے۔ جب بھی کوئی شخص اللہ سے مدد طلب کرتا ہے۔ عبادات، وظائف اور دعاؤں کا اہتمام کرتا ہے تو اللہ اس کے دل کو ہدایات سے بھر دیتا ہے۔

ورزش

کچھ لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ ورزش صرف جسمانی صحت کیلئے فائدہ مند ہوتی ہے۔ حالانکہ یہ ذہنی صحت کیلئے بھی بہت زیادہ فائدہ دیتی ہے۔ ورزش خود کو مصروف رکھنے کا بھی ایک بہانہ ہوتا ہے۔ جبکہ یہ جسمانی اور ذہنی صحت دونوں کو بہتر بناتی ہے۔ ورزش کرنے سے دماغ میں مثبت تبدیلیاں آتی ہیں اور اگر کوئی غلط عادات کا شکار ہے تو وہ ورزش سے سہارا لے سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں
مشت زنی یا ہینڈ پریکٹس کے 10 بڑے نقصانات
منہ کے چھالوں کو ختم کرنے کے 8 گھریلو ٹوٹکے

کھیل کود

ورزش کی طرح کھیل کود بھی نہ صرف جسمانی اور ذہنی صحت کیلئے فائدہ مند ہے۔ بلکہ یہ دماغ سے منفی خیالات کو بھی ختم کرنے میں مدد کرتا ہے۔ جن افراد میں جنسی خیالات کی زیادتی ہو وہ خود کو کسی بھی کھیل میں مصروف کریں۔ چند ہی دنوں بعد آپ کے دماغ سے جنسی خیالات کا بھوت کم ہوجائے گا۔ کھیل آپ کی فٹنس اور دماغی نشونما دونوں کیلئے نہایت ہی ضروری ہیں۔

جنسی خیالات کا آنا ایک فطری عمل ہے۔ لیکن انہیں پروان چڑھانا یہ آپ پر منحصر ہے۔ خود پر قابو پانا، دماغ کو کنٹرول کرنا، برے خیالات سے چھٹکارا پا کر آپ جنسی خیالات سے آزاد ہوسکتے ہیں۔ اپنی روزمرہ روٹین میں نظم و ضبط لاکر، فحش مواد سے بچنے کی کوشش کریں۔ برے دوستوں کی صحبت آپ کو بھی بری بنا سکتی ہے اس لیے اپنا حلقہ احباب بدلیں اور مثبت زندگی گزاریں۔

Facebook
Twitter
WhatsApp

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *