معدے میں تیزابیت، بدہضمی اور سینے میں جلن معدے کی گرمی کی علامات ہیں۔ یہ مسئلہ زیادہ تر ان لوگوں کو متاثر کرتا ہے جو زیادہ مرچ مصالحے والے کھانے کھاتے ہیں۔ تمباکو نوشی اور چائے کا زیادہ استعمال بھی معدے میں خشکی اور گرمی کی وجہ بنتا ہے۔
معدے کی گرمی کی علامات
معدے اور سینے میں جلن، کھٹی ڈکاریں، بھوک میں کمی، قبض، پیٹ کا بھاری پن، منہ کا ذائقہ کڑوا ہونا، چڑچڑاپن، منہ کے چھالے اور بعض لوگوں میں آئی بی ایس معدہ کی گرمی کی علامات ہوسکتی ہیں۔
معدہ کی گرمی اور خشکی کا علاج
اکثر اوقات ہمارے گھروں میں ہماری بیماریوں کا علاج موجود ہوتا ہے مگر ہم اس لاعلم ہوتے ہیں، معدے کی گرمی اور خشکی کا علاج بھی ہمارے گھر اور کچن میں موجود ہے مگر ہمیں اس کا زیادہ پتا نہیں۔ یہاں آپ جانیں گے معدہ کی گرمی اور خشکی کا علاج
دودھ اور مکھن
تیزابیت اور معدہ کی گرمی کی صورت میں فوری آرام حاصل کرنے کیلئے ایک گلاس ٹھنڈے دودھ میں ایک چمچ مکھن شامل کرکے پینے سے فوری سکون ملتا ہے۔
دودھ معدے کی تیزابیت کو فوری طور پر نیوٹرلائز کرتا ہے جبکہ مکھن معدے کی اندرونی پرت کی جلن کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔
دودھ میں کیلشیم کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے جو کہ معدے میں اضافی ایسڈ کو کم کرتی ہے اور معدہ کی جلن اور تیزابیت کو ختم کرنے میں مدد کرتی ہے۔
دہی کی لسی
دہی میں پروبائیوٹکس موجود ہوتے ہیں جو آنتوں کی صحت کو بہتر بناتے ہیں اور معدے کی تیزابیت کو کم کرتے ہیں۔ معدے کی گرمی کو فوری ختم کرنے کیلئے دہی کی لسی سے بہترین آپشن کوئی اور نہیں ہوسکتا۔
ایک کپ دہی اور آدھا گلاس ٹھنڈا پانی لے کر اس میں ایک چٹکی سیاہ نمک اور ایک چٹکی زیرہ ڈال کر اچھے سے بلینڈ کر لیں۔ یہ مشروب جسم کی گرمی کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ توانائی بھی فراہم کرتا ہے۔ دہی کی لسی سے ہاضمہ بھی بہتر ہوتا ہے۔
رس دار پھل
پھل خصوصا رس دار پھل معدہ کی گرمی اور خشکی دور کرنے میں انتہائی موثر ہیں۔ یہ نہ صرف جسم کو ہائیڈریٹ رکھتے ہیں بلکہ ان میں موجود غذائی اجزاء تیزابیت کو کنٹرول کرتے ہیں۔ بیشتر رس دار پھل الکلائن ہوتے ہیں جو معدہ کی تیزابیت کو نیوٹرلائز کرتے ہیں۔
تربوز میں 90 فیصد پانی ہوتا ہے یہ معدہ کو فوری ٹھنڈک پہنچاتا ہے۔ خربوزہ معدے کی تیزابیت کو کم کرتا ہے۔ ککڑی معدے کی جلن دور کرتی ہے۔ انناس میں ایسے انزائم موجود ہوتے ہیں جو ہاضمے کو بہتر بناتے ہیں۔
معدے کی گرمی کا دیسی علاج
معدہ کی گرمی کا دیسی علاج انتہائی موثر اور فوری آرام پہنچانے والا ہوتا ہے۔ یہاں کچھ آزمودہ اور قدرتی طریقے بتائے جارہے ہیں۔
گوند کتیرا کا شربت
معدے کی تیزابیت اور سینے کی جلن کو فوری دور کرنے کیلئے گوند کتیرا کا شربت ایک بہترین دیسی علاج ہے۔ یہ معدے کی اندرونی پرت کو ٹھنڈک پہنچاتا ہے۔ ہاضمنے کو بہتر بنا کر معدے کی گیس کو ختم کرتا ہے
جسمانی گرمی کو فوری دور کرنے اور فوری توانائی حاصل کرنے کیلئے گوند کتیرا کے شربت سے بہتر کوئی چیز نہیں۔
گوند کتیرا کے حیرت انگیز فوائد پڑھنے کیلئے یہاں کلک کریں
بادام کا شربت
بادام کا شربت نہ صرف خوش ذائقہ مشروب ہے بلکہ یہ جسم کی خشکی اور گرمی کو بھی ختم کرتا ہے۔ معدے کو ٹھنڈک پہنچاتا ہے اور معدہ سے گرمی کو دور کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ جسمانی طاقت بھی بڑھاتا ہے۔ بادام کا شربت دماغی کمزوری میں بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔
صندل کا شربت
صندل کا شربت معدے کی گرمی، تیزابیت اور سینے کی جلن دور کرتا ہے۔ اس کی تاثیر سرد ہوتی ہے یہ جسمانی گرمی اور معدہ کی جلن کو فوری ختم کرتا ہے۔ صندل کا شربت منہ کے چھالوں اور منہ کی بدبو کو بھی ختم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ صندل ذہنی تناؤ کو بھی کم کرتا ہے۔
گڑ کا شربت
گڑ کے شربت کی تاثیر سرد ہوتی ہے۔ اس میں بے شمار منرلز ہوتے ہیں جو جسم کی خشکی اور گرمی خصوصا معدہ کی گرمی کو دور کرنے میں معاون ہوتے ہیں۔ گڑ الکلائن ہوتا ہے جو فوری طور پر معدے کی تیزابیت کو کنٹرول کرتا ہے۔ گڑ کا شربت جسم سے زہریلے مادے خارج کرتا ہے اور معدہ کی سوزش کا خاتمہ بھی کرتا ہے۔
پودینے اور دہی کا رائتہ
دہی اور پودینے کا رائتہ ہاضمے کے انزائم کا ایکٹو کرتا ہے۔ جس سے بھوک میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور معدے میں گیس اور اپھارہ کا خاتمہ بھی کرتا ہے۔ سینے اور معدے کی جلن کو فوری دور کرنے کیلئے پودینے اور دہی کا رائتہ ایک بہترین قدرتی علاج ہے۔ دہی اور پودینے کے رائتے کو دوپہر کے کھانے میں شامل کرنے سے بہترین نتائج سامنے آتے ہیں۔ اس میں سیاہ نمک اور زیرہ شامل کریں تو افادیت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
معدے کی تیزابیت، گرمی اور جسم میں خشکی ایک عام مسئلہ ہے لیکن آپ ان قدرتی طریقوں کو اپنا کر فوری نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ قدرتی چیزیں نہ صرف آپ کے معدے کو کو سکون پہنچاتی ہیں بلکہ ہاضمے کو بھی بہتر بناتی ہیں۔
صحت مند غذائی عادات اپنا کر معدے کے مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔