بلیک ہیڈ ختم کرنے کے گھریلو ٹوٹکے

بلیک ہیڈ ختم کرنے کے گھریلو ٹوٹکے

بلیک ہیڈز جلد کا ایک عام مسئلہ ہے۔ یہ چہرے کی خوبصورتی کو متاثر کرتا ہے۔ یہ مسئلہ زیادہ تر نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں میں ہوتا ہے، خصوصا جن کی سکن آئلی ہوتی ہے۔ بلیک ہیڈز جلد کے مساموں میں جمع شدہ آئل، میل اور مردہ خلیات کے باعث بنتے ہیں۔

گرمیوں میں بھوک بڑھانے کے آسان طریقے
منہ کے چھالوں کو ختم کرنے کے 8 گھریلو ٹوٹکے

بلیک ہیڈز کیلئے گھریلو ٹوٹکے

چہرے پر بلیک ہیڈز بدصورتی کی علامت بن جاتے ہیں۔ لوگ مہنگے بیوٹی سوپ اور کریموں کے ذریعے سے انہیں ختم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مگر ان سے جلد کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا ہے۔ یہاں چند سادہ اور آزمودہ نسخے بتائے جارہے ہیں۔ یہ گھریلو ٹوٹکے بلیک ہیڈز کو سو فیصد ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انڈے کی سفیدی کا ماسک

یہ ماسک بلیک ہیڈز کو ختم کرنے کیلئے ایک موثر اور سادہ قدرتی علاج ہے۔ انڈے کی سفیدی خشک ہونے پر جلد کو کھینچتی ہے۔ اس ماسک کو اتارنے پر جلد سے بلیک ہیڈز جڑ سے باہر آجاتے ہیں۔ انڈے کی سفیدی میں اینٹی بیکٹیریل اجزاء جلد پر موجود بیکٹریا کو بھی ختم کرتے ہیں۔

ماسک کے استعمال کا طریقہ کار

چہرے کو دھو کر خشک کریں۔ انڈے سے سفیدی علیحدہ کرلیں اور اسے برش، روئی یا انگلیوں کی مدد سے بلیک ہیڈز والی جگہ پر لگائیں۔ اب ٹشو کی مدد سے ان جگہوں کو ڈھانپ دیں اور خشک ہونے کیلئے چھوڑ دیں۔ تقریبا 15 منٹ کے بعد ٹشو کو آہستہ سے کھینج کر اتاریں اور چہرے کو نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
ہفتے میں ایک دفعہ یہ ٹوٹکہ ضرور کریں۔ بلیک ہیڈز کا جڑ سے خاتمہ ہوجائے گا۔

شہد اور دار چینی کا ماسک

بلیک ہیڈز چہرے پر آلودگی اور بیکٹیریا کی وجہ سے بنتے ہیں۔ شہد اور دارچینی کا ماسک جلد کو نرم، صاف اور جراثیم سے پاک کرتا ہے۔ شہد اور دارچینی میں اینٹی بیکٹیریل خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ ان دونوں چیزوں کا ماسک جلد پر بلیک ہیڈز کی وجہ بننے والے بیکٹریا کو ختم کرتا ہے۔

کھانے کے بعد پانی پینے کے نقصانات
چھپکلیوں کو گھر سے بھگانے کے 8 آسان طریقے

ماسک کے استعمال کا طریقہ کار

ایک چمچ شہد اور چمچ کا چوتھا حصہ دارچینی پاؤڈر مکس کرکے پیسٹ بنا لیں۔ اس ماسک کو بلیک ہیڈز والی جگہ پر لگائیں۔ 10 منٹ تک اس ماسک کو لگا رہنے دیں۔ اور اس کے بعد انگلیوں کی مدد سے ہلکے ہاتھوں سے سکرب کریں۔ 2 سے 3 منٹ کے بعد اسے نیم گرم پانی کے ساتھ دھو لیں۔

حساس جلد والے اور الرجی کے مریض دار چینی استعمال سے پہلے پیچ ٹیسٹ کر لیں۔ ہفتے میں ایک بار سے زیادہ استعمال نہ کریں

تلسی اور چاول کے پانی کی بھاپ

بھاپ لینے سے جلد کے مسام کھلتے ہیں۔ اور اس میں جمع شدہ آئل، میل، اور بلیک ہیڈز باآسانی باہر آنے لگتے ہیں۔ جب مسام کھلتے ہیں تو بلیک ہیڈز کو صاف کرنا نہایت ہی آسان ہوجاتا ہے۔ تلسی ایک اینٹی بیکٹیریل پودا ہے۔ اس کے پتوں کو چاولوں کے ساتھ ملا کر بھاپ لینے سے بلیک ہیڈز کا خاتمہ ہوتا ہے۔ اور جلد نرم و ملائم اور چمک دار ہوجاتی ہے۔

طریقہ کار

ایک کپ پکے ہوئے چاولوں کا پانی لے کر اس میں 10 سے 15 تلسی کے پتے ڈالیں۔ اس پانی اور پتوں کو ہلکی آنچ پر 5 سے 10 منٹ تک ابالیں۔ جب بھاپ اٹھنے لگے تو ایک کپڑے کی مدد سے چہرے اور برتن کو ڈھانپ دیں۔ برتن اور چہرے کے درمیان 2 سے 3 فٹ کا فاصلہ ہو۔ 5 منٹ تک بھاپ لیں اور چہرے کو صاف تولیے سے صاف کر کے موئسچرائز لگا دیں۔

بیکنگ سوڈا

بلیک ہیڈز کو ختم کرنے کیلئے بیکنگ سوڈا ایک نہایت ہی سستا اور آسان گھریلو علاج ہے۔ بیکنگ سوڈا کا اثر بلیک ہیڈز کی جڑوں تک ہوتا ہے۔ یہ باریک ذرات پر مشتمل ہوتا ہے جو جلد کی سطح سے مردہ خلیات، آئل اور میل کو ختم کرتا ہے۔

طریقہ

ایک چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا لے کر اس میں 2 چمچ پانی ملا کر پیسٹ بنا لیں۔ اس پیسٹ کو بلیک ہیڈز والی جگہ پر لگا کر 2 سے 3 منٹ تک انگلیوں سے ہلکا سا سکرب کریں۔ آخر میں نیم گرم پانی سے جلد کو دھو لیں اور موئسچرائز لگا دیں۔ چند ہی دنوں سے استعمال سے بلیک ہیڈز کا جڑ سے ہی خاتمہ ہوجائے گا۔

چاول کا آٹا اور دہی کا سکرب

چاول کے آٹے میں باریک ذرات ہوتے ہیں جو جلد کو نرم طریقے سے سکرب کرتے ہیں۔ جبکہ دہی میں موجود لیکٹک ایسڈ جلد کو نرمی سے ایکسفولیٹ کرتا ہے۔ ان دونوں کے مسکچر سے جلد کے مسام کھلتے ہیں اور اندر سے بلیک ہیڈز باہر نکلنے میں مدد ملتی ہے۔

طریقہ

ایک کھانے کا چمچ دہی اور ایک کھانے کا چمچ چاول کا آٹا لے کر دونوں کا مکسچر بنا لیں۔ اس مکسچر کو نرمی کے ساتھ بلیک ہیڈز والی جگہ پر لگائیں اور انگلیوں سے رگڑیں۔ 5 منٹ تک رگڑنے کے بعد اسے نیم گرم پانی سے دھو لیں۔

بلیک ہیڈز بننے کی وجوہات

اگر مستقل طور پر بلیک ہیڈز کا خاتمہ کرنا ہے تو اس کیلئے ان وجوہات کو ختم کریں جس وجہ سے بلیک ہیڈز بنتے ہیں۔ چند ایک وجوہات درج ذیل ہیں۔

جلد پر آئل کا جمع ہونا

ہماری جلد سے قدرتی تیل خارج ہوتا ہے تاکہ جلد نرم و ملائم رہے۔ لیکن اگر یہ تیل زیادہ بننا شروع ہوجائے تو یہ آئل جلد پر مردہ خلیات اور گردوغبار کے ساتھ مساموں کو بند کر دیتا ہے۔ جس سے جلد کے اندر مساموں میں بلیک ہیڈز بن جاتے ہیں۔

جلد پر مردہ خلیات کا جمع ہونا

ہماری جلد پر روزانہ قدرتی خلیات بنتے اور ختم ہوتے ہیں۔ یہ مردہ خلیات ٹھیک طرح سے صفائی نہ کرنے پر جلد کی سطح پر رہتے ہیں۔ اور مساموں میں اندر چلے جاتے ہیں اور چکنائی اور گردوغبار کے ساتھ مساموں کو بند کردیتے ہیں۔ اس سے بھی جلد پر بلیک ہیڈز بنتے ہیں۔

ہامونز کا اتار چڑھاؤ

جسم میں ہارمونی تبدیلیوں کی وجہ سے بھی بلیک ہیڈز بنتے ہیں۔ ہارمون کے عدم توازن کی وجہ سے جلد کی اندرونی تہہ میں تیل بننے کا عمل تیز ہوجاتا ہے۔ یہ اضافی تیل گرد و غبار اور مردہ خلیات کے ساتھ مل کر بلیک ہیڈز بناتا ہے۔

میک اپ کا غلط استعمال

بلیک ہیڈز بننے کی ایک بڑی اور عام وجہ میک اپ کا غلط استعمال ہے۔ خاص طور پر ان لوگوں میں زیادہ جو میک اپ کرنے کے بعد ٹھیک سے دھوتے نہیں ہیں۔ میک اپ کو اگر ٹھیک سے اتارا نہ جائے تو یہ بلیک ہیڈز، وائٹ ہیڈز، ایکنی، پیمپلز اور داغ دھبوں کا باعث بھی بنتا ہے۔

غلط غذاؤں کا استعمال

فاسٹ فوڈ، تلی ہوئی، زیادہ چکنائی والی اور پروسیسڈ فوڈ کھانے سے بھی چہرے پر بلیک ہیڈز بن سکتے ہیں۔ یہ چیزیں کھانے سے معدہ اور جگر میں گرمی بڑھتی ہے۔ جس کا اثر چہرے اور جلد پر بھی پڑتا ہے۔ زیادہ چکنائی والی چیزیں کھانے سے چہرے پر دانے، داغ دھبے اور بلیک ہیڈز تک بن جاتے ہیں

بلیک ہیڈز ایک عام مسئلہ ہے لیکن یہ خوبصورتی کو متا ثر کرتا ہے۔ اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے قدرتی گھریلو علاج سو فیصد موثر ہے۔ صفائی کا خیال، معیاری خوراک، اور جلد کی ضروریات کو پورا کرنے سے یہ مسئلہ ختم ہوسکتا ہے۔

Facebook
Twitter
WhatsApp

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *